QR CodeQR Code

پاراچنار میں انجمن تحفظ حقوق دکانداران کی حلف برادری کی تقریب

3 Jan 2022 02:10

تقریب میں ایڈیشنل اے سی پاراچنار، مختلف سیاسی سماجی و مذہبی رہنماوں، نو منتخب کابینہ سمیت کثیر تعداد میں دکانداروں نے شرکت کی۔ 


اسلام ٹائمز۔ پاراچنار میں انجمن تحفظ حقوق دکانداران کی حلف برادری کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں ایڈیشنل اے سی پاراچنار، مختلف سیاسی سماجی و مذہبی رہنماوں، نو منتخب کابینہ سمیت کثیر تعداد میں دکانداروں نے شرکت کی۔ پاراچنار کے معروف تجارتی مرکز پنجابی بازار میں منعقدہ تقریب حلف برادری سے ایڈیشنل اے سی عامر خان، پروفیسر جمیل کاظمی، تحریک حسینی کے رہنماء حاجی عابد حسین، سماجی رہنما علی جواد طوری نے خطاب کرتے ہوئے انجمن تحفظ حقوق دکانداران کی نئی کابینہ کو مبارکباد دی اور انہیں ہر قسم تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ تحریک اصلاحات پاکستان ضلع کرم کے صدر پروفیسر جمیل کاظمی نے کہا کہ ضلع کرم مزید خونریزی کا متحمل نہیں ہوسکتا، بدامنی کے باعث ہم دنیا سے بہت پیچھے رہ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتصاد امن سے وابستہ ہے اور ہمیں امن اور ایک بہترین اقتصاد چاہئے، ماضی میں ہم نے بہت فریب کھائے ہیں، اسلئے ہمیں مزید فریب خوردہ نہ بنایا جائے ہمیں امن عزیز ہے انشاء اللہ ہم ضلع کرم کے امن کو مزید خراب نہیں ہونے دینگے۔

انجمن تحفظ حقوق دکانداران صدہ بازار کے صدر حاجی ارشاد خان نے کہا کہ تاجر برادری کا کسی قسم کی سیاست اور فرقہ واریت سے کوئی تعلق نہیں، موجودہ حالات میں بعض عناصر ضلع کرم کے امن کو خراب کرنے کے درپے ہیں مگر انشاء اللہ انہیں اپنے مزموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ضلع کرم میں تجارت کا فروغ و ترقی امن سے مشروط ہے، لہذا ہم حکومت سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ ایسے عناصر کیخلاف بھرپور کاروائی کی جائے۔ صدر انجمن تحفظ حقوق دکانداران پاراچنار کے صدر رمضان علی پراچہ نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان پر جو اعتماد کیا گیا ہے انشاء اللہ وہ دکانداروں کے اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے اور ان کے حقوق کے حصول کیلئے شبانہ روز محنت کریں گے۔ تقریب کے اختتام پر تحریک اصلاحات پاکستان ضلع کرم کے صدر پروفیسر جمیل کاظمی نے نو منتخب کابینہ سے حلف لیا، بعد ازاں نئے منتخب شدہ صدر رمضان علی پراچہ کو ہار پہنائے گئے۔

نو منتخب کابینہ میں چیئرمین حاجی کمال حسین شنگک، نائب چیئرمین ہدایت حسین عالمشیر، صدر رمضان علی پراچہ، سینیر نائب صدر رشید علی بنگش، نائب صدر سید مظہر حسین میاں، جنرل سیکٹری مجاہد طوری، ڈپٹی جنرل سیکٹری اقرار حسین، حاجی رفیق حسین ایڈیشنل سیکٹری، کامران علی سیکٹری اطلاعات، افتخار حسین پریس سیکرٹری، قاسم علی فنانس سیکرٹری، نصرت حسین رابطہ سیکرٹری، ثمین علی آفس سیکرٹری، عباس علی خوشی سیکرٹری تعلقات عامہ، حاجی زینت علی معاون خصوصی، ظاہر حسین خوشی ریکارڈ سیکرٹری، رجب علی مشیر خاص اور محمد تقی معاون خاص شامل ہیں۔


خبر کا کوڈ: 971713

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/971713/پاراچنار-میں-انجمن-تحفظ-حقوق-دکانداران-کی-حلف-برادری-تقریب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org