0
Tuesday 4 Jan 2022 15:04

وادی کشمیر میں برف باری، سرینگر ائرپورٹ سے کئی پروازیں منسوخ

وادی کشمیر میں برف باری، سرینگر ائرپورٹ سے کئی پروازیں منسوخ
اسلام ٹائمز۔ وادی کشمیر میں محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق پیر کی رات سے ہی برف باری شروع ہوئی اور جب لوگ منگل کی صبح نیند سے اٹھے تو پوری وادی کو سفید چادر نے ڈھانپ لیا تھا۔ ادھر جہاں ایک طرف موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے ’اورینج الرٹ‘ جاری کر دیا ہے وہیں دوسری طرف سری نگر ہوائی اڈے پر کئی پراوزوں کو منسوخ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں موسم دن گذرنے کے ساتھ ساتھ مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران میدانی علاقوں میں درمیانی درجے کی برف باری جبکہ بالائی علاقوں میں بھاری برف باری کا امکان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر اور جموں دونوں خطوں میں منگل کی رات اور5 جنوری یعنی بدھ کو دن بھر برف باری ہوسکتی ہے۔ متعلقہ محکمے نے ’اورینج الرٹ‘ جاری کرتے ہوئے بالائی علاقوں جہاں برفانی تودے گر آنے کے خطرات لاحق رہتے ہیں، کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں سے باہر نکلنے سے احتراز کریں۔
 
ایڈوائزری میں ڈرائیور حضرات سے کہا گیا ہے کہ وہ برف پر گاڑیوں کو احتیاظ سے چلائیں۔ خراب موسمی حالات کے پیش نظر حکام نے سری نگر ہوائی اڈے پر کئی پروازوں کو منسوخ کیا ہے۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ برف باری کے باعث روشنی میں کمی ہونے سے دہلی سے سرینگر اور سرینگر سے دہلی جانے والی کم سے کم 6 پروزاوں کو منسوخ کیا گیا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق برف باری سے سڑکوں پر پھسلن پیدا ہونے سے کئی دور افتادہ پہاڑی علاقوں میں زمینی ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل متاثر ہو کر رہ گئی ہے جبکہ بجلی کا نظام بھی درہم وبر ہم ہوگیا ہے۔ بتادیں کہ متعلقہ محکمے کی طرف سے پیر کو جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ دو یکے بعد دیگرے آنے والی مغربی ڈسٹربنسز جموں وکشمیر اور لداخ و ملحقہ علاقوں کو 3 جنوری کی رات سے 9 جنوری کی دوپہر تک متاثر کر سکتی ہیں اور ان مغربی ہواؤں کے زیر اثر جموں و کشمیر اور لداخ میں برف و باران متوقع ہے۔ ایڈوائزری میں کہا گیا کہ کشمیر میں 3 جنوری کی رات سے ہی کہیں کہیں ہلکے درجے کی برف باری شروع ہوسکتی ہے جس کی شدت میں وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ اضافہ درج ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 971967
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش