QR CodeQR Code

حاج قاسم سلیمانی و انکے رفقاء کی شہادت کی دوسری برسی کے موقع پر

کراچی، ایرانی خانہ فرہنگ میں ’’اسلاموفوبیا سے مقابلے کیلئے عالم اسلام کا اتحاد‘‘ کانفرنس کا انعقاد

4 Jan 2022 20:58

مہمان خصوصی و تقریب مذاہب اسلامی ایران کے سیکریٹری جنرل آیت اللہ حمید شہریاری نے کہا کہ حاج قاسم سلیمانی اس لئے قلوب کے سردار ہیں، کیونکہ انکے دل میں سب سے پہلے خدائی محبت تھی اور ایک قوم کی تشکیل ان کے آئیڈیل کا حصہ تھی۔


اسلام ٹائمز۔ خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران کراچی میں کانفرنس بعنوان ’’اسلاموفوبیا سے مقابلے کیلئے عالم اسلام کا اتحاد‘‘ کا انعقاد حاج قاسم سلیمانی و انکے رفقاء کی شہادت کی دوسری برسی کے موقع پر کیا گیا۔ کانفرنس کے مہمان خصوصی آیت اللہ ڈاکٹر حمید شہریاری سیکرٹری جنرل عالمی ادارہ تقریب مذاہب اسلامی کی سربراہی میں مجلس خبرگان رہبری کے رکن مولانا نذیر احمد سلامی و دیگر ایرانی مذہبی قائدین و ماہرین پر مشتمل وفد نے شرکت کی۔ پاکستان کی ممتاز سنی اور شیعہ شخصیات اور علماء کرام نے کانفرنس میں شرکت کی، تاکہ عالم اسلام کے اتحاد اور اسلام فوبیا کو فروغ دینے کے متکبرانہ اہداف اور اس سے نمٹنے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا جا سکے۔ حج قاسم سلیمانی کی شہادت کی دوسری برسی کے موقع پر ہونے والی اس کانفرنس میں متعدد مقررین نے سپر پاورز کی تنہائی اور داعش کی تباہی میں اس شہید کے مثبت اثرات کے بارے میں بات کی۔

خانہ فرہنگ ایران کراچی کے ڈائریکٹر کامران پزشکی نے تقریب کے آغاز میں تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے شہید حاج قاسم سلیمانی اور شہید ابومہدی مہندس کی دوسری برسی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس عظیم شہید کا پاکستان میں اثر اور ایک خاص مقام ہے، ہمیں امید ہے کہ اس کانفرنس کے انعقاد سے ان کی یاد تازہ ہو جائے گی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب صدر اسد اللہ بھٹو نے اسلام فوبیا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے معاملے میں تمام مسلمان متحد اور متفق ہیں۔ شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر میثمی نے کہا کہ امریکا کا زوال حاج قاسم سلیمانی کی شہادت سے ظاہر ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام فوبیا سپر پاورز کا ایجاد کردار ہے، تاکہ دنیا میں اسلام کو پھیلنے سے روکا جائے، مگر آج  عالم اسلام کا سورج مقاومت کی وجہ سے روشن ہے۔

مجلس خبرگان رہبری کے رکن مولانا نذیر احمد سلامی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام رحمت کا مذہب ہے اور اس کا پیغام امن اور دوستی ہے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی مسلمانوں کے درمیان اتحاد کا مظہر تھے، وہ فلسطینی بھائیوں کی ضروری مدد کرتے تھے، شہید قاسم سلیمانی ہی تھے،جنہوں نے شام و عراق میں خونخوار مخلوق داعش کے وجود و سوچ پر گہری و کاری ضرب لگائی،جو اسکے خاتمے کا سبب بنی۔ ملی یکجہتی کونسل پاکستان اور جمعیت علمائے پاکستان کے صدر مولانا ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر زبیر نے اس بات پر زور دیا کہ عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم عالم اسلام کے اتحاد کا محور ہے اور دشمن نے اسے نشانہ بنایا ہے، سلمان رشدی نے اسلام کو نشانہ بنایا تو حضرت امام خمینیؒ اس کے خلاف فتویٰ جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم قاسم سلیمانی کو یاد کرتے ہیں، جو ایک بہادر آدمی تھے، جو سپر پاورز کو ہلا دینے کے قابل تھے۔

مہمان خصوصی آیت اللہ ڈاکٹر حمید شہریاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ایران میں شہید حج قاسم سلیمانی کو قلوب کا سردار کہا ہے، کیونکہ انہوں نے عالم اسلام کی سربلندی کیلئے عظیم جدوجہد کی، عراق و ایران میں ان کے جنازے میں لاکھوں لوگوں نے شرکت کی، کیونکہ لوگ ان سے بے انتہا محبت کرتے تھے اور اب وہ ایران سمیت عالم اسلام کے نوجوانوں کیلئے ایک رول ماڈل ہیں۔ آیت اللہ ڈاکٹر شہریاری نے واضح کیا کہ حاج قاسم سلیمانی اس لئے قلوب کے سردار ہیں، کیونکہ انکے دل میں سب سے پہلے خدائی محبت تھی اور ایک قوم کی تشکیل ان کے آئیڈیل کا حصہ تھی۔ ہیئت آئمہ مساجد و علماء امامیہ پاکستان کے مرکزی ڈپی جنرل سکریٹری علامہ سید صادق رضا تقوی نے آیت اللہ ڈاکٹر حمید شہریاری کے خطاب کے دوران اردو مترجم اور اسسٹنٹ پروفیسر جواد حیدر نے کمپیئرنگ کے فرائض انجام دیئے۔ ’’اسلام فوبیا سے مقابلے کیلئے عالم اسلام کا اتحاد‘‘ کانفرنس کے اختتام پر کراچی میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل حسن نوریان نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔


خبر کا کوڈ: 972000

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/972000/کراچی-ایرانی-خانہ-فرہنگ-میں-اسلاموفوبیا-سے-مقابلے-کیلئے-عالم-اسلام-کا-اتحاد-کانفرنس-انعقاد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org