0
Tuesday 4 Jan 2022 23:08

غیر مقامی لوگوں کو زمینوں کے فروخت پر پابندی عائد کی جا رہی ہے، خالد خورشید

غیر مقامی لوگوں کو زمینوں کے فروخت پر پابندی عائد کی جا رہی ہے، خالد خورشید
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنل سیکورٹی (IS) کی مد میں لی جانے والی تمام گاڑیوں کو بتدریج ختم کرکے سیکورٹی کیلئے گاڑیاں حکومت فراہم کرے گی۔ حکومت نے پہلی مرتبہ پولیس فورس کیلئے درکار وسائل فراہم کئے ہیں اور پولیس فورس کیلئے اسامیاں تخلیق کی ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن اور بیرون ملک مقیم جی بی کے عوام سے کئے گئے وعدے کے مطابق جی بی اوورسیز کمیشن کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، جس سے بیرون ملک مقیم جی بی کے عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے میں مدد ملے گی۔ دبئی وزٹ کے دوران بھی گلگت بلتستان کمیونٹی نے بھی ریکوسٹ کی تھی۔ دہشتگردی کی مکمل روک تھام کیلئے سی ٹی ڈی کو مکمل فعال بنایا جائے گا، اس حوالے سے سی ٹی ڈی کیلئے درکار اسامیوں اور دیگر وسائل کیلئے وفاقی حکومت کو سفارش کی جا رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کا کہنا تھا کہ جی بی میں کوہ پیمائی کے حوالے سے وسیع مواقع موجود ہیں، جس کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت پہلی مرتبہ بین الاقوامی سطح کی ہائی الٹی چیوٹ ٹریننگ کا بندوبست کر رہی ہے، جس کے ایڈونچر ٹوریزم اور معیشت پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ خالد خورشید نے صوبائی کابینہ اجلاس کے موقع پر صوبائی سیکریٹری صحت کو ہدایت کی ہے کہ سی ٹی سکین اور ایم آر آئی مشینوں کی فوری مرمت کو یقینی بنائیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جی بی کے عوام کو علاج و معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ ڈاکٹروں کی کمی کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے ینگ ڈاکٹرز کیلئے تاریخی اقدامات کر رہے ہیں، جس کے تحت جی بی سے تعلق رکھنے والے ینگ ڈاکٹرز کو ملک کے نامور اداروں میں پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ کیلئے حکومتی سطح پر بھجوایا جا رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے ڈاکٹرز ریگولرائزیشن ایکٹ کے تحت جلد از جلد ڈاکٹروں کی مستقلی کے عمل کو مکمل کرنے کے احکامات دیئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام کو معیاری گندم کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ گندم کی چوری میں ملوث ملازمین اور دیگر افراد کو سخت سزائیں دلوانے کیلئے قانونی مسودہ منظوری کیلئے متعلقہ فورم میں پیش کریں۔ گندم کی چوری اور سمگلنگ میں ملوث ملازمین اور دیگر افراد کیخلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائیں۔ سرکاری ملازمین کے غیر قانونی شکار میں ملوث ہونے کی شکایات موصول ہو رہی ہے، اس حوالے سے سیکریٹری جنگلات و جنگلی حیات کو ہدایت کی ہے کہ غیر قانونی شکار میں ملوث افراد کیخلاف سخت محکمانہ اور سزاؤں کیلئے قانون سازی کا مسودہ متعلقہ فورم میں پیش کریں۔

وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے کہا کہ قدرتی آفات کے دوران قیمتی انسانی جانوں اور املاک کے نقصانات کے حوالے سے ادا کئے جانے والے معاوضوں کا ازسرنو جائزہ لے کر نقصانات کے معاوضوں میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے۔ سابقہ ادوار میں زمینوں کے نام پر صرف سیاست کی گئی۔ تحریک انصاف کی حکومت زمینوں کے مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کر رہی ہے۔ تین ماہ میں لینڈ ریفامز ایکٹ اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ جی بی کے عوام کے حقوق اور زمینوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں تین ماہ کیلئے غیر مقامی افراد کو زمینوں کی خرید و فروخت پر عارضی پابندی عائد کی جا رہی ہے تاکہ عوام کے حقوق کا تحفظ کیا جاسکے۔ تحریک انصاف کی عوامی حکومت عوامی حقوق کا دفاع کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 972039
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش