0
Wednesday 5 Jan 2022 19:01

مدینہ مسجد کو مسمار کرنے کے اقدامات افسوسناک ہیں، اسداللہ بھٹو

مدینہ مسجد کو مسمار کرنے کے اقدامات افسوسناک ہیں، اسداللہ بھٹو
اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر و جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ طرز حکومت قائم کرنے کے دعوے کے ساتھ برسراقدار آنے والے حکمرانوں کے دور میں طارق روڈ کراچی پر قائم مدینہ مسجد کو مسمار کرنے کے اقدامات افسوس ناک ہیں، دوسری جانب اسلام ہمارا دین ہے کی دعویدار سندھ حکومت کی موجودگی میں مسجد کو مسمار کرنے کی تیاری پر پُراسرار خاموشی پر سندھ کے عوام کو سخت صدمہ پہنچا ہے۔اپنے ایک بیان میں اسداللہ بھٹو نے کہا کہ نصف صدی سے قائم مسجد کو گرانے کا حکم دے کر سپریم کورٹ نے عوام کو پریشان کر دیا ہے، حالیہ دور میں حکمرانوں کے محلات کی تعمیر کو ریگولرائز کرنے پر سپریم کورٹ کی خاموشی پر عوام تعجب کا اظہار کر رہے ہیں، جبکہ مذکورہ پلاٹ عوامی مقاصد کیلئے مختص تھا اور اس لیے کھیل کے میدان کے بجائے مسجد بنانا بہتر عمل ہے۔

اسداللہ بھٹو نے کہا کہ مسجد کسی کی ذاتی ملکیت نہیں، بلکہ اجتماعی عبادت کی جگہ ہے، کسی محلہ والے نے اسے گرانے کا مطالبہ نہیں کیا، جس سے یہ بات واضح ہوگئی کہ علاقے والے کھیل کے میدان کے بجائے مسجد کی تعمیر پر راضی ہیں۔ اسداللہ بھٹو نے سپریم کورٹ سے اپیل کی ہے کہ مدینہ مسجد کو مسمار کرنے کے حکم پر نظر ثانی کریں، تاکہ مسجد کا تقدس برقرار رہے اور عوام میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر پیدا ہونے والی بے چینی کا ازالہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے مکانات یا دیگر عمارتوں کو مسمار کرنے اور مسجد کو شہید کرنے میں واضح فرق ہے، لہٰذا عوام کے اندر بے چینی کا پایا جانا ایمان کا تقاضہ ہے، اس لئے وفاقی اور سندھ حکومت مسجد کو بچانے کیلئے پوری طرح کوشش کریں۔
خبر کا کوڈ : 972185
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش