QR CodeQR Code

گلگت بلتستان کابینہ، پنجاب سے گندم کی خریداری کیلئے 1 ارب 5 کروڑ کی منظوری

5 Jan 2022 20:34

گلگت، چلاس اور سکردو کی سی ٹی سکین مشینوں اور گلگت میں موجود MRI مشین کی فوری مرمت کی منظوری دی گئی۔ ینگ ڈاکٹرز کی پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ کے لئے وزیراعلی کے خصوصی اقدام کے تحت 53 سے زائد پرائیویٹ اور 44 کنٹریکٹ ڈاکٹرز کو پوسٹ گریجیوٹ ٹریننگ پر بھیجنے کی منظوری دی گئی۔


اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کابینہ نے جی بی اورسیز کمیشن ایکٹ 2021ء کا مسودہ منظور کر لیا، ایکٹ کی اسمبلی سے منظوری کے بعد بیرون ملک مقیم گلگت بلتستان کے شہریوں کی معاونت و آسانی کے لئے جی بی اورسیز کمیشن کا قیام عمل لایا جائیگا۔ کابینہ نے پنجاب سے گندم کی 1 لاکھ 50 ہزار بوریاں خریدنے کیلئے 1 ارب 5 کروڑ روپے کی منظوری دیدی۔ اجلاس میں گندم کی چوری میں ملوث ملازمین و افراد کے خلاف سخت سزائیں دلوانے کیلئے قانونی مسودہ تیار کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ گلگت، چلاس اور سکردو کی سی ٹی سکین مشینوں اور گلگت میں موجود MRI مشین کی فوری مرمت کی منظوری دی گئی۔ ینگ ڈاکٹرز کی پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ کے لئے وزیراعلی کے خصوصی اقدام کے تحت 53 سے زائد پرائیویٹ اور 44 کنٹریکٹ ڈاکٹرز کو پوسٹ گریجیوٹ ٹریننگ پر بھیجنے کی منظوری دی گئی۔ کابینہ اجلاس میں بغیر تنخواہ کے زیر تربیت 26 ریگولر ڈاکٹرز کو بھی تنخواہوں کی ادائیگی اور تنخواہ سمیت تربیت مکمل کرانے کی منظوری دی گئی۔

وزیر اعلیٰ نے ڈاکٹرز کے ریگولرائزیشن ایکٹ 2021ء کے تحت ڈاکٹروں کی مستقلی کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت کی روشنی میں تین ماہ کے لئے گلگت بلتستان میں غیر مقامی افراد کو زمین کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کی گئی۔ اس حوالے سے پورے گلگت بلتستان میں سیکشن 144 نافذ العمل ہوگا۔ کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تین ماہ کے اندر لینڈ ریفارمز کمیشن اپنی شفارشات مرتب کریگا اور زمینوں کے ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ زمینوں کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث محکمہ ریونیو کے ملازمین کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ کابینہ اجلاس میں دورہ روندو سکردو میں زلزلہ متاثرین سے ملاقات کے دوران کئے گئے وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید کے اعلان کے مطابق قدرتی آفات میں مختلف نقصانات کے ازالے کیلئے معاوضوں میں 100 فیصد تک کا اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

کابینہ اجلاس میں ایڈونچر سیاحت کے فروغ کے لئے گلگت بلتستان کے مقامی High Altitude Porters, Guides اور Tour Operators کی بین الاقوامی معیار کی تربیت کا خصوصی منصوبہ منظور کر لیا گیا۔ گلگت بلتستان پولیس میں کاونٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ کے قیام کی منظوری دی گئی۔ انٹرنل سیکیورٹی کے لئے نئی گاڑیوں کی خریداری کا فیصلہ کیا گیا۔ محکمہ تعلیم کے پولی ٹیکنکل انسٹیٹیوٹ گلگت میں ایس سی او کو آئی ٹی نالج ویلیج بنانے کے لئے عمارت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کو غیر قانونی شکار میں ملوث افراد کو سخت سزائیں دلوانے کیلئے قانونی مسودہ تیار کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ یاد رہے کہ گلگت بلتستان کا 14 واں اجلاس کل منگل کے روز ہوا تھا تاہم فیصلوں کی تفصیلات آج جاری کی گئی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 972190

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/972190/گلگت-بلتستان-کابینہ-پنجاب-سے-گندم-کی-خریداری-کیلئے-1-ارب-5-کروڑ-منظوری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org