QR CodeQR Code

پاکستان افغانستان حکومت کو تسلیم کرے

اسلامی ممالک طالبان حکومت کی افغانستان بحالی کی کوششوں میں مدد کریں، سراج الحق

5 Jan 2022 22:14

اسلام آباد میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر نے کہا کہ پی ٹی آئی تبدیلی کا نعرہ لگا کر آئی مگر ساڑھے تین برسوں میں اس حکومت نے بھی نااہلی کے ریکارڈ قائم کیے، آج صورتحال یہ ہے کہ مہنگائی کا طوفان ہے، بے روزگاری کا جن بے قابو ہو چکا ہے اور ملک پر اربوں ڈالر کا مزید قرض چڑھ چکا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سندھ کا بلدیاتی قانون جمہوری اصولوں کے منافی، صوبہ اور بالخصوص کراچی کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ہے۔ پیپلزپارٹی صوبہ میں اپوزیشن جماعتوں کو کارنر کرکے جمہوریت دشمنی کا تاثر نہ دے۔ بلدیاتی قانون واپس نہ لیے جانے تک جماعت اسلامی احتجاج جاری رکھے گی۔ حکمران گوادر کو حق دو تحریک کے رہنماوں کے ساتھ کیے گئے وعدوں کی پاسداری کریں، بلوچستان کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ نہ کیا گیا تو حالات مزید خراب ہوں گے۔ پی ٹی آئی معیشت کی بحالی اور ملک کو پٹڑی پر ڈالنے میں مکمل ناکام ہوگئی۔ پاکستان کو آئی ایم ایف کی مکمل غلامی میں دھکیل دیا گیا۔ منی بجٹ کو مسترد کرتے ہیں، عوام کے حقوق کی آواز ہر فورم پر اٹھائیں گے۔ پاکستان افغانستان حکومت کو تسلیم کرے، اسلامی ممالک طالبان حکومت کی افغانستان بحالی کی کوششوں میں مدد کریں۔ پاکستان کے حکمرانوں نے کشمیر کے مسئلہ پر بھارت کے سامنے پسپائی دکھائی۔ بھارت سے آزادی کی جدوجہد میں پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کی پشت بان ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں مرکزی عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

امیر جماعت نے صدارتی خطاب میں کہا کہ ملک کی تینوں بڑی سیاسی جماعتیں مختلف ادوار میں پاکستان پر لمبا عرصہ حکومت کرتی رہیں مگر عوام کے مسائل جوں کے توں ہیں۔ پاکستان میں وسائل کی کمی نہیں، مسئلہ ان کی غیرمنصفانہ تقسیم اور چند خاندانوں کے ملکی دولت اور ذخائر پر قابض ہونے کا ہے۔ جاگیردار، وڈیرے اور کرپٹ سرمایہ دار تینوں بڑی پارٹیوں میں موجود ہیں۔ یہ لوگ دہائیوں سے عوام کو جھوٹے نعروں اور وعدوں سے دھوکہ دے کر دولت اور دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں آجاتے ہیں اور اس کے بعد عوامی مسائل کو حل کرنے اور سسٹم میں بہتری لانے کی بجائے ان کا سارا زور اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ہوتا ہے۔ اس وقت بھی قوم دیکھ رہی ہے کہ اپوزیشن کی دوبڑی جماعتیں اور حکومتی پارٹی اپنے اپنے مفادات کی خاطر دست و گریبان ہے اور عوام کی پریشانیوں اور تکلیفوں کی کوئی بات نہیں کرتا۔ پی ٹی آئی تبدیلی کا نعرہ لگا کر آئی مگر ساڑھے تین برسوں میں اس حکومت نے بھی نااہلی کے ریکارڈ قائم کیے۔ آج صورتحال یہ ہے کہ مہنگائی کا طوفان ہے، بے روزگاری کا جن بے قابو ہو چکا ہے اور ملک پر اربوں ڈالر کا مزید قرض چڑھ چکا ہے۔ پی ٹی آئی نے نظام میں بہتری لانے کے لیے ایک قدم بھی نہیں اٹھایا۔

 


خبر کا کوڈ: 972206

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/972206/اسلامی-ممالک-طالبان-حکومت-کی-افغانستان-بحالی-کوششوں-میں-مدد-کریں-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org