0
Thursday 6 Jan 2022 20:17

بھارتی وزیراعظم کی سکیورٹی چُوک پر جمعہ کو سپریم کورٹ میں سماعت ہوگی

بھارتی وزیراعظم کی سکیورٹی چُوک پر جمعہ کو سپریم کورٹ میں سماعت ہوگی
اسلام ٹائمز۔ سپریم کورٹ آف انڈیا پنجاب میں نریندر مودی کی سیکورٹی میں چُوک پر سوال اٹھانے والی عرضی پر جلد سماعت کے لئے جمعرات کو متفق ہوگیا ہے۔ چیف جسٹس این وی رمنا کی بنچ کے سامنے سینئر وکیل منیندر سنگھ نے ’خصوصی تذکرہ‘ کے تحت سماعت کی درخواست کی منیندر سنگھ نے بدھ کو پنجاب کے بھٹنڈہ میں مودی کے سڑک کے ذریعے سفر کے دوران سکیورٹی چُوک سے متعلق معاملے کو بہت ضروری بتاتے ہوئے اس سے متعلق عرضی پر جلد سماعت کرنے پر زور دیا۔ اس کے بعد بنچ نے اس معاملے کو جمعہ کو سماعت کے لئے درج کر لیا۔ بنچ نے ’لائرس وائس‘ کی جانب سے دائر پٹیشن کی کاپی پنجاب حکومت کے وکیل کو دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے کی کل سماعت کرے گی۔ درخواست میں مستقبل میں بھارتی وزیراعظم کی سیکورٹی چوک سے بچنے کے لئے پورے واقعہ کی ’’موثر اور پیشہ ورانہ‘‘ تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ درخواست میں عدالت عظمٰی سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ بھٹنڈہ کے ضلع جج کو سیکورٹی کی خلاف ورزی سے متعلق تمام ریکارڈ اپنے قبضے میں لینے کی ہدایت کرے۔

درایں اثنا انڈین کانگریس کمیٹی نے نریندر مودی پر بٹھنڈہ ہوائی اڈے پر دئیے گئے ایک مبینہ بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے پنجاب کا دورہ کر کے پنجاب کے عوام کی توہین کی ہے اور اس سے پوری دنیا میں ’پنجابیت‘ گرد آلود ہوئی ہے۔ کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے جمعرات کو دہلی میں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مودی کے بیان کی بابت ایسا تنازعہ پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ ملک کی شبیہ کو داغدار کیا جاسکے۔ انہوں نے اس تنازعہ کو خطرناک قرار دیتے ہوئے اسے گھٹیا سیاست قرار دیا اور کہا کہ اس کے ذریعے پنجاب اور قابل فخر ’پنجابیت‘ کو پامال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کا پنجاب میں مبینہ طور پر یہ کہا ’’اپنے وزیراعلٰی کو شکریہ کہنا کہ زندہ لوٹ آیا‘‘، اس طرح کے الفاظ کا استعمال، ملک کی شبیہ کو داغدار کرتے ہیں اور دنیا کے سامنے ہماری شبیہ بگڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کو یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ ایک ریاست کی شبیہ کو خراب کریں اور ریاست کے عوام کو اس طرح کے الفاظ کہہ کر تذلیل کریں۔
خبر کا کوڈ : 972282
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش