QR CodeQR Code

ایم ڈبلیو ایم ڈیرہ اسماعیل خان کی ضلعی شوری کا اجلاس، علامہ وحید کاظمی کی شرکت

6 Jan 2022 23:29

علامہ سید وحید کاظمی نے کہا کہ کوٹلی امام حسینؑ وقف امام عالیؑ مقام ہے، 2013ء سے قبل جو انتقال تھا ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت اس کو بحال کرے، موجودہ جعلی انتقال سے وقف کوٹلی امام حسینؑ کسی حکومت کے حوالے کرنے کو تیار نہیں ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین ڈیرہ اسماعیل خان کی ضلعی شوریٰ کا اجلاس کوٹلی امام حسینؑ میں منعقد ہوا، جس میں صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ وحید عباس کاظمی، مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی آصف رضا ایڈووکیٹ صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید اسد علی زیدی نے خصوصی شرکت کی۔ ضلعی سیکرٹری جنرل مولانا سید غضنفر نقوی کے زیرصدارت اجلاس میں ضلع بھر سے یونٹس کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلعی سیکرٹری جنرل نے کارکردگی رپورٹ پیش کی اور شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے علاقہ میں آپ ہمارے نمائندے ہیں، آصف رضا ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں ایم ڈبلیو ایم کا منشور بیان کرتے ہوئے توسیع تنظیم پر زور دیا اور کہا کہ وحدت محبت اور امن ہمارا ہدف ہے، مسلکی پاکستان نہیں بلکہ قائد اعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان ہمارا ہدف ہے۔

اجلاس میں شرکاء سے اختتامی خطاب کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سید وحید کاظمی نے کوٹلی امام حسینؑ کے حوالے سے کہا کہ کوٹلی امام حسینؑ وقف امام عالیؑ مقام ہے، 2013ء سے قبل جو انتقال تھا ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت اس کو بحال کرے، موجودہ جعلی انتقال سے وقف کوٹلی امام حسینؑ کسی حکومت کے حوالے کرنے کو تیار نہیں ہیں، یہ خالصتاً شیعہ وقف ہے لہذا حکومت اس وقف کی سنگینی کو سمجھے۔ علامہ سید وحید عباس کاظمی کا مزید کہنا تھا کہ کوٹلی امام حسینؑ میں یادگار شہداء جسکی تعمیر سالوں پرانی ہے، ضلعی ایڈمنسٹریشن کیجانب سے جسے گرا دیا گیا تھا انتظامیہ اسے از خود تعمیر کرے۔ ضلعی شوری کے اجلاس کے آخر میں صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ وحید عباس کاظمی نے ملک میں امن اور ترقی کے لئے دعا کرائی۔


خبر کا کوڈ: 972307

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/972307/ایم-ڈبلیو-ڈیرہ-اسماعیل-خان-کی-ضلعی-شوری-کا-اجلاس-علامہ-وحید-کاظمی-شرکت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org