QR CodeQR Code

فلسطین، مغربی کنارے میں غاصب صیہونیوں نے 2 فلسطینی جوانوں کو شہید کر دیا

6 Jan 2022 22:17

مقامی میڈیا کیمطابق مغربی کنارے کے بلاطہ مہاجر کیمپ پر دھاوے کے دوران غاصب اسرائیلی فوجیوں نے 21 سالہ جوان کو سر میں گولی مار کر جبکہ گاؤں صفا سے کام پر جانے کیلئے گھر سے نکلنے والے 25 سالہ جوان کو قابض یہودی آبادکاروں نے اپنی گاڑی تلے کچل کر شہید کر دیا


اسلام ٹائمز۔ فلسطین میں غاصب صیہونیوں کے مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق غاصب صیہونی فوجیوں نے مغربی کنارے کے بلاطہ مہاجر کیمپ پر آج صبح دھاوا بول دیا جس کے دوران انہوں نے فلسطینی شہریوں کو وسیع آنسو گیس شیلنگ اور سیدھی فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ فلسطینی ای مجلے القدس کے مطابق اس موقع پر جوانوں کی جانب سے مزاحمت پر غاصب صیہونی فوجیوں نے آنسو گیس کے شیل فائر کئے اور فلسطینی عوام کو سیدھی فائرنگ کا نشانہ بنایا جس کے باعث بکیر حشاش نامی 21 سالہ فلسطینی نوجوان سر میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیا۔ رپورٹ کے مطابق بکیر حشاش کو فی الفور ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا۔ دوسری جانب مغربی کنارے کے ہی صفا نامی گاؤں میں قابض یہودی آبادکاروں نے مصطفی یسین فطنہ نامی 25 سالہ نوجوان کو گاڑی تلے کچل کر موقع پر ہی شہید کر دیا۔ رپورٹ کے مطابق فلسطینی نوجوان کام پر جانے کی غرض سے گھر سے نکلا تھا جبکہ عینی شاہدین نے بتایا کہ قابض یہودی آبادکار مصطفی یسین کو شہید کرنے کے بعد فرار ہو گئے۔


خبر کا کوڈ: 972309

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/972309/فلسطین-مغربی-کنارے-میں-غاصب-صیہونیوں-نے-2-فلسطینی-جوانوں-کو-شہید-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org