مری میں شہریوں کی ہلاکتیں
خون ناحق پر کسی کو تو ذمہ دار ٹھہرایا جائے، شہباز شریف
8 Jan 2022 13:10
اپنے ایک بیان میں اپوزیشن لیڈر کا کہنا ہے کہ جب حکومت کو پتہ تھا کہ شہری اس قیامت خیز سردی میں پھنسے ہوئے ہیں تو انہیں بچانے اور محفوظ مقامات تک پہنچانے کی کوشش کیوں نہ ہوئی۔
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مری میں اموات انتظامی نااہلی اور مجرمانہ غفلت کا دردناک واقعہ ہےِ۔ زرائع کے مطابق مری میں شدید سردی میں ٹھٹھر کر سیاحوں کی اموات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مری اور گلیات میں ٹریفک رش میں پھنسی گاڑیوں میں شہریوں کی اموات انتظامی نااہلی اور مجرمانہ غفلت کا دردناک واقعہ ہےِ، جب حکومت کو پتہ تھا کہ شہری اس قیامت خیز سردی میں پھنسے ہوئے ہیں تو انہیں بچانے اور محفوظ مقامات تک پہنچانے کی کوشش کیوں نہ ہوئی۔ قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ یہ اس حکومت کی انتظامی صلاحیت کا عالم ہے کہ مری اور گلیات میں ٹریفک انتظامات کرنے کے قابل بھی نہیں، اگر حکومت ایک ہزار گاڑیوں کے انتظام کی بھی صلاحیت نہیں رکھتی تو پھر اسے اقتدار میں رہنے کا کیا اور کیوں حق ہے، اگر سیاح اتنی بڑی تعداد میں جا رہے تھے تو حکومت کو کیوں پتہ نہ چلا، انتظامیہ کہاں سوئی ہوئی تھی، پیشگی انتظامات کیوں نہ کئے گئے۔
خبر کا کوڈ: 972507