QR CodeQR Code

مزاحمتی محاذ کیجانب سے اسرائیلی انٹیلیجنس کو دھچکا، فلسطینی استاد فادی البطش کے صیہونی قاتل کو گرفتار کر لیا

9 Jan 2022 16:55

فلسطینی مزاحمتی محاذ نے سال 2018ء میں موساد کیجانب سے ملائشیا میں شہید کے جانیوالے اپنے حامی فلسطینی استاد کے قاتل کو ایک پیچیدہ کارروائی کے ذریعے گرفتار کر لیا ہے


اسلام ٹائمز۔ فلسطینی مزاحمتی محاذ نے ایک پیچیدہ انٹیلیجنس کارروائی کے ذریعے فلسطینی استاد فادی البطش کے اسرائیلی قاتل کو گرفتار کر لیا ہے۔ فلسطینی خبررساں ایجنسی سماء کے مطابق استاد فادی البطش کا قاتل جو غزہ کی پٹی میں موجود تھا، نے فلسطینی استاد کے قتل کا مشن سپرد کرنے والے اسرائیلی افسر کے ساتھ ٹیلیفون پر رابطہ برقرار کر کے پیسوں کا مطالبہ کیا جس پر صیہونی افسر نے اس سے پوچھا کہ وہ کہاں ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی قاتل نے صیہونی افسر کو غزہ میں اپنا مکمل پتہ تفصیل کے ساتھ بتا دیا جبکہ فلسطینی مزاحمتی محاذ کی جانب سے اسرائیلی کارندوں کی ٹیلیفون کال ریکارڈ کی جا رہی تھی جس کے فورا بعد فلسطینی مزاحمتی محاذ نے برق رفتار کارروائی کرتے ہوئے صیہونی دہشتگرد کو گرفتار کر لیا۔ رپورٹ کے مطابق گرفتار اسرائیلی دہشتگرد نے ابتدائی تفتیش کے دوران ہی شہید فادی البطش کے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس کارروائی میں اس کے ساتھ ایک اور صیہونی دہشتگرد بھی شریک تھا۔



واضح رہے کہ ملائشیا یونیورسٹی سے الیکٹرک انجینئرنگ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر شہید فادی البطش نے 18 موضوعات پر سائنسی تحقیقات بھی شائع کی تھیں اور جاپان، برطانیہ، فن لینڈ، اسپین اور سعودی عرب میں منعقد ہونے والی متعدد عالمی کانفرنسوں میں دسیوں نئے پراجیکٹ متعارف کروائے تھے جن کے جواب میں انہیں سال 2014ء میں سعودی کانفرنس Saudi Arabia Smart Grid conference۔SASC میں بہترین تحقیق کے انعام کے ساتھ ساتھ سال 2015ء میں ملائشیا یونیورسٹی میں منعقد ہونے والے تحقیقاتی مقابلے University of Malaya Three-Minute-Thesis Competition میں بھی پہلے انعام سے نوازا گیا۔ ریسرچ گیٹ (Researchgate) نامی تحقیقاتی مجلے کے مطابق شہید ڈاکٹر فادی البطش کی تحقیقات کا مطالعہ کرنے والے محققین کی کل تعداد 5 ہزار 500 افراد سے زائد ہے جبکہ 60 سے زائد محققین نے اپنی تحقیقات میں ان سے اقتباس بھی کیا ہے۔ فلسطینی مزاحمتی محاذ کے ساتھ علمی تعاون کرنے والے وہ ایسے پہلے شخص تھے جنہوں نے فلسطینی انجنیئروں کی عالمی تنظیم بنانے کی پیشکش کی جس کی ملائشیا کی نمائندگی ان کے پاس ہو۔ علاوہ ازیں وہ ملائشیا میں اپنی اقامت گاہ کی قریبی مسجد "العباس" میں امام جماعت ہونے کے ساتھ ساتھ MyCare اور i4Syria سمیت متعدد سماجی فلاحی تنظیموں کے سربراہ بھی تھے جبکہ غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کی جاسوس تنظیم موساد کی جانب سے انہیں 21 اپریل 2018ء کے روز فجر کے وقت مسجد جاتے ہوئے ٹارگٹ کلنگ کی ایک کارروائی میں شہید کر دیا گیا تھا۔ تب وقوعے کے بعد عینی شاہدین نے بتایا تھا کہ ان کو 10 سے زائد گولیوں کا نشانہ بنانے والے 2 موٹر سائیکل سوار تھے جو کارروائی کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
 


خبر کا کوڈ: 972708

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/972708/مزاحمتی-محاذ-کیجانب-سے-اسرائیلی-انٹیلیجنس-کو-دھچکا-فلسطینی-استاد-فادی-البطش-کے-صیہونی-قاتل-گرفتار-کر-لیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org