0
Monday 10 Jan 2022 01:31

پاکستان پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ پاکستان کے ہر عام آدمی کے لئے ہے، بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ پاکستان کے ہر عام آدمی کے لئے ہے، بلاول بھٹو زرداری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پی پی پی جنوبی پنجاب کے ایگزیکٹوز کمیٹی کا اجلاس بلاول ہائوس میں لاہور میں ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں سانحہ مری میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے دعا ئے مغفرت کی گئی۔ اجلاس میں سانحہ مری میں جاں بحق ہونے والوں پر حکومت کی جانب سے اپنی موت کی خود ذمہ داری عائد کرنا سفاکیت کی انتہا ہے۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ سانحہ مری کی شفاف انکوائری کروائی جائے، غفلت کے مرتکب افراد کو کٹہرے میں لاکر سخت سزا دی جائے۔ اجلاس میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پی پی پی وسیب کے عہدیداران نے جنوبی پنجاب کی سیاسی صورت حال سے آگاہ کیا اور پی پی پی وسیب کے عہدیداران کی جانب سے لانگ مارچ کو کامیاب بنانے کی یقین دہانی، تیاریوں سے بھی آگاہ کیا۔

 چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج نوبت یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ عوام مر رہے ہیں اور حکمران موت کا ذمہ دار خود مرنے والوں کو قرار دے رہے ہیں۔ ہیلی کاپٹروں میں بیٹھ کر مرتے لوگوں کا تماشہ دیکھنے والے حکمران وہی تھے جو کل تک سائیکل والے وزیراعظم کی مثالیں دیتے تھے، پاکستان پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ پاکستان کے ہر عام آدمی کے لئے ہے، ظالم حکمران عوام کو تکلیفیں دیتے رہیں اور میں خاموش بیٹھا رہوں، یہ کبھی نہیں ہوسکتا، پاکستان پیپلزپارٹی کا احتجاج کا واحد مقصد حکومت کی جانب سے عوام کے ساتھ ہونے والے ظلم کا خاتمہ ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ اجلاس میں مخدوم احمد محمود ویڈیو لنک کے ذریعے جبکہ سید یوسف رضا گیلانی اور بشیر ریاض موجود تھے۔ اجلاس میں پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدر خواجہ رضوان عالم، ایم این اے مہر ارشاد سیال، سرور عباس، حاجی محمد رمضان بھلر، سلیم بھٹی، شگفتہ چوہدری اور سابق ایم پی اے نفیس انصاری سمیت دیگر شریک تھے۔

پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے اس اجلاس میں متعدد قراردادیں منظور کی گئیں، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 27 فروری کو کراچی سے شروع ہونے والے لانگ مارچ کی بھرپور تائید و حمایت کی جائے گی۔ اجلاس میں آصف علی زرداری اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں سانحہ مری کے شہدا کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی اور تاسف کا اظہار کیا گیا اور اس ضمن میں حکومتی بدانتظامی اور نااہلی کی شدید مذمت کی گئی اور اس سلسلے میں جوڈیشل تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس میں پاکستان کی معاشی بدحالی، کمرتوڑ مہنگائی، بے روزگاری سمیت بدانتظامی پر مبنی حکمرانوں کے تمام اقدامات کی بھرپور مذمت کی گئی۔ اجلاس میں ملک بھر کے کسانوں کے لئے نامناسب حکومتی اقدامات جبکہ کھادوں کی قیمتوں میں اضافہ اور عدم دستیابی کی بھی مذمت کی گئی۔ اجلاس میں سندھ کی طرز کا بلدیاتی نظام پنجاب میں بھی نافذ کرنے کا مطالبہ کیا گیا تاکہ عوامی نمائندگان کو زیادہ سے زیادہ اختیارات حاصل ہوسکیں۔



 
خبر کا کوڈ : 972759
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش