QR CodeQR Code

مری میں ہی نہیں حکومتی رٹ ملک کی کسی گلی میں نظر نہیں آتی، سراج الحق

10 Jan 2022 02:59

بہاولپور میں ورکرکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر مری میں حکومتی اداروں کا کنٹرول ہوتا تو ایک کمرے کا کرایہ پچاس ہزار روپے تک نہ پہنچتا اور بڑی تعداد میں لوگ رات بھر اپنی گاڑیوں میں رہنے پر مجبور نہ ہوتے۔ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں عوام کی پریشانیوں اور تکلیفوں کا ناجائز فائدہ اٹھایا جاتا ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مہنگائی، بے روزگاری، کرپشن اور نااہل حکمران دہائیوں سے ملک کے لیے ناسور بن چکے۔ صرف مری ہی نہیں حکومتی رٹ ملک کی کسی گلی میں بھی نظر نہیں آتی۔ حکومت ہر سانحہ پر تحقیقات کے اعلان کے بعد اگلے حادثے کا انتظار کرتی ہے۔ بیرونی طاقتیں آئی ایم ایف کے ذریعے ملک کو اپنی چھانی بنانا چاہتی ہیں۔ ساڑھے تین برسوں میں ملک کے ایک شعبے میں نہیں بلکہ تمام تنزلی کا شکار ہیں۔ بدقسمتی سے حکمرانوں کو بڑے حادثات اور سانحات بھی جگانے میں ناکام رہے۔ نااہلی اور نالائقی کو تقریروں اور پریس کانفرنسوں سے نہیں چھپایا جا سکتا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ضلع بہاولپور کے تنظیمی دورہ کے دوسرے روز ورکرز کنونشن حاصل پور، بلدیاتی کنونشن شاہی محل مارکی بہاولپور اور لال سہانرا میں معززین شہر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی پنجاب جنوبی راو محمد ظفر، امیر ضلع بہاولپور سید ذیشان اختر، جنرل سیکرٹری ضلع بہاولپور عرفان انجم و دیگر بھی موجود تھے۔ امیر جماعت نے کہا کہ صرف مری ہی نہیں بلکہ حکومتی رٹ ملک کی کسی گلی میں بھی نظر نہیں آتی۔ حکومت ہر سانحہ پر تحقیقات کے اعلان کے بعد اگلے حادثے کا انتظار کرتی ہے۔ گزشتہ واقعات کی تحقیقات کے اعلانات کے بعد آج تک کوئی عملی قدم سامنے نہیں آیا۔ اگر مری میں حکومتی اداروں کا کنٹرول ہوتا تو ایک کمرے کا کرایہ پچاس ہزار روپے تک نہ پہنچتا اور بڑی تعداد میں لوگ رات بھر اپنی گاڑیوں میں رہنے پر مجبور نہ ہوتے۔ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں عوام کی پریشانیوں اور تکلیفوں کا ناجائز فائدہ اٹھایا جاتا ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔

 انھوں نے کہا کہ اگر ہوٹل مافیا سے کوئی پوچھنے والا ہوتا تو مری شہر میں عوام کے ساتھ ایسا ظلم نہ ہوتا۔ کرونا وبا کے دوران میڈیکل سے وابستہ کمپنیوں نے بھی من چاہے ریٹ وصول کیے اور مصنوعی طور پر شارٹیج پیدا کر کے مشکل وقت میں عوام کا ناجائز فائدہ اٹھایا۔ جب تک مافیاز کو کنٹرول کرنے کی بجائے ان کی سرپرستی جاری رکھی جائے گی حالات تبدیل نہیں ہوں گے۔

 


خبر کا کوڈ: 972775

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/972775/مری-میں-ہی-نہیں-حکومتی-رٹ-ملک-کی-کسی-گلی-نظر-آتی-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org