اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل سے چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان، خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے جس کو فروغ دینا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم سب کو وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق پاکستان کو مدینہ کی ریاست کا ماڈل بنانا ہے تاکہ لوگوں کو یکساں حقوق مل سکیں۔
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے اور پاکستان کو مضبوط بنانے میں ہم سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے گورنر سندھ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے جو احترام انسانیت کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے مذید کہا کہ علماء کرام پیغام پاکستان کو محراب و منبر کے ذریعے عام کرنے کے لئے اپنا عظیم کردار ادا کریں۔