QR CodeQR Code

وزیر اعلیٰ خالد خورشید کا چلاس کا ایک روزہ دورہ، کئی منصوبوں کا اعلان

10 Jan 2022 21:54

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے محکمہ تعمیرات اور ایف ڈبلیو او کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اگست تک تتہ پانی متبادل شاہراہ کیلئے پل کو فعال بنایا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے بارگین تک ٹریک ایبل شاہراہ تعمیر کرنے کا بھی اعلان کیا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے چلاس کا ایک روزہ دورہ کیا۔ دورے کے موقع پر خالد خورشید کو محکمہ تعمیرات کی جانب سے لیچر پل کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ لیچر پل کے تعمیراتی کام میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محکمے کو ہدایت کی ہے کہ تین ماہ میں لیچر پل کا کام مکمل کرے۔خالد خورشید نے اس موقع پر لیچر گاؤں تک 6 کلومیٹر روڈ کا بھی اعلان کیا۔ بعد ازیں وزیر اعلیٰ خالد خورشید کو محکمہ تعمیرات اور ایف ڈبلیو او کی جانب سے تتہ پانی متبادل شاہراہ اور پل کی تعمیر کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے محکمہ تعمیرات اور ایف ڈبلیو او کے متعلقہ افیسران کو ہدایت کی کہ اگست تک تتہ پانی متبادل شاہراہ کیلئے پل کو فعال بنایا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے بارگین تک ٹریک ایبل شاہراہ تعمیر کرنے کا بھی اعلان کیا۔

خالد خورشید کو دورہ چلاس کے موقع پر واپڈا اور محکمہ تعلیم کی جانب سے کیڈٹ کالج چلاس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ کیڈٹ کالج چلاس انتہائی اہم منصوبہ ہے۔ 31 مارچ 2022 تک کیڈٹ کالج چلاس کی بلڈنگ کو فعال بنایا جائے۔ اساتذہ اور طالب علموں کیلئے درکار اضافی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے الگ پی سی ون تیار کر کے 20 دنوں میں متعلقہ فورم میں پیش کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ چلاس کیڈٹ کالج اور پبلک سکول کے گرانٹ ان ایڈ میں اضافہ کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ تعمیرات کو ہدایت کی کہ فیری میڈوز روڈ کا سروے کرے اور دڑن پل تا رائیکوٹ روڈ 6 ماہ میں مکمل کیا جائے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے ریجنل ہیڈکوارٹر ہسپتال چلاس کا بھی دورہ کیا اور ٹراما سنٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر محکمہ صحت اور محکمہ تعمیرات کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر خالد خورشید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دیامر اور سکردو میں ایم آر آئی مشین جلد نصب کی جائے گی تاکہ یہاں کے مریضوں کو ایم آر آئی کی سہولت دستیاب ہو سکے۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ تعمیرات کو ہدایت کی کہ چلاس ریجنل ہیڈکوارٹر ہسپتال کا تعمیراتی کام جون تک مکمل کیا جائے۔ چلاس ریجنل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی دور کی جائے گی اور درکار سہولیات کو یقینی بنایا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے محکمہ جاتی بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دیامر میں منصوبوں کے التواء سے علاقے میں تعمیر و ترقی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ ماہانہ بنیادوں پر متعلقہ محکموں سے ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ لے۔ جزاء و سزا کا نظام سخت کیا جائے۔ زیر تعمیر منصوبوں کی بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ خالد خورشید نے ریجنل ہیڈکوارٹر ہسپتال چلاس 6th بلاک کے تعمیراتی کام کو جون تک مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کمشنر دیامر/ استور ڈویژن کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے جو اپنی سفارشات 10 دنوں میں پیش کرے گی۔

وزیر اعلیٰ نے صوبائی سیکریٹری پلاننگ کو ہدایت کی ہے کہ دیامر میں تعمیراتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کیلئے محکمہ پلاننگ کے سینئر آفیسر کو دیامر ریجن میں مستقل بنیادوں پر تعینات کریں جو منصوبوں کی مانیٹرنگ کرے اور مختلف منصوبوں کی ریویجن کے حوالے سے درپیش مشکلات کو بروقت حل کر سکے۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے محکمہ تعمیرات کو ہدایت کی ہے کہ دیامر میں پینے کے پانی کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے پی سی ون تیار کریں۔ چلاس 24 انچ واٹر سپلائی سکیم زیر التواء منصوبے کے حوالے سے وزیر اعلیٰ نے محکمہ تعمیرات کو ہدایت کی ہے کہ خصوصی بورڈ قائم کیا جائے جو اس منصوبے کے حوالے سے اپنی حتمی سفارشات متعلقہ فورم میں پیش کرے۔


خبر کا کوڈ: 972912

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/972912/وزیر-اعلی-خالد-خورشید-کا-چلاس-ایک-روزہ-دورہ-کئی-منصوبوں-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org