QR CodeQR Code

ملتان، ایم ڈبلیو ایم کے زیراہتمام شہید قاسم سلیمانی کی دوسری برسی کے موقع پر مجلس عزا کا انعقاد

11 Jan 2022 00:47

علامہ قاضی شبیر حسین علوی نے شہدائے مدافعین حرم کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی اور اُنکے رفقاء آج بھی دشمن کیلئے للکار ہیں، جن شہداء نے حرمہائے مقدسہ کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، اُنہیں سلام پیش کرتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین ضلع ملتان کے زیراہتمام شہیدہ مدافعہ ولایت و شہدائے مدافعین حرم کی یاد میں مجلس تکریم شہداء کا انعقاد امام بارگاہ ابوالفضل العباس چوک کمہارانوالہ میں کیا گیا، مجلس عزاء سے معروف عالم دین علامہ قاضی شبیر حسین علوی، ذاکر سید الیاس شاہ، ذاکر عرفان عباس قیامت، علامہ وسیم عباس معصومی اور ذاکر صابر بلوچ نے خطاب کیا۔ علامہ قاضی شبیر علوی نے مدافعہ امامت و ولایت، صدیقہ الکبریٰ بنت رسول حضرت فاطمہ زہراء کی سیرت اور تعلیمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ بنت رسول پاک تمام عالم اسلام کی عورتوں کے لیے راہ ہدایت ہیں، عورتوں کی زندگی کے ہر پہلو میں جناب سیدہ کونین کی زندگی مشعل راہ ہے۔ جنت کی عورتوں کی سردار بی بی اپنے رحمت اللعالمین بابا کے لیے رحمت، اپنے شوہر کل ایمان حضرت علی المرضی کے لیے ایمان اور اپنے جنت کے سردار بیٹوں حسنین شریفین کے لیے جنت اپنے پاوں میں لے کر آئی۔

انہوں نے کہا کہ کائنات کی عورتوں کی سردار بی بی کی تعلیمات پر عمل کرکے ہی دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ اُنہوں نے شہدائے مدافعین حرم کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی اور اُن کے رفقاء آج بھی دشمن کے لیے للکار ہیں، جن شہداء نے حرمہائے مقدسہ کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، اُنہیں سلام پیش کرتے ہیں۔ مجلس عزاء میں علامہ قاضی نادر حسین علوی پرنسپل جامع شہید مطہری، انجینئر سخاوت علی، ملک عمران سمیت دیگر رہنماء موجود تھے۔


خبر کا کوڈ: 972948

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/972948/ملتان-ایم-ڈبلیو-کے-زیراہتمام-شہید-قاسم-سلیمانی-کی-دوسری-برسی-موقع-پر-مجلس-عزا-کا-انعقاد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org