QR CodeQR Code

دورانِ عدت نکاح جائز نہیں، ہائیکورٹ فیصلہ واپس لے، تحریک لبیک پاکستان

11 Jan 2022 11:04

اپنے ایک بیان میں ٹی ایل پی کے مرکزی رہنماء کا کہنا تھا کہ عدالت عالیہ کے جج غیر شرعی فیصلے کو واپس لیں، پاکستان میں کوئی بھی قانون اور فیصلہ قرآن و حدیث سے متصادم نہیں ہوسکتا، شرعی معاملات کو اپنی عقل کے ترازو پر نہیں تولنا چاہیئے، بلکہ اللہ تعالیٰ اور رسول (ص) کے بیان کردہ طریقہ کار کے مطابق ہی بیان کرنا چاہیئے۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک لبیک پاکستان کے رہنماء علامہ غلام غوث بغدادی نے کہا کہ دوران عدت نکاح کسی صورت جائز نہیں۔ عدالت عالیہ کے جج غیر شرعی فیصلے کو واپس لیں، پاکستان میں کوئی بھی قانون اور فیصلہ قرآن و حدیث سے متصادم نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ شرعی معاملات کو اپنی عقل کے ترازو پر نہیں تولنا چاہیئے، بلکہ اللہ تعالیٰ اور رسول (ص) کے بیان کردہ طریقہ کار کے مطابق ہی بیان کرنا چاہیئے۔ علامہ غلام غوث بغدادی نے کہا کہ توازن و اعتدال اسلام کی خوبی ہے اور یہی اعتدال عقل کے معاملے میں بھی رکھا گیا ہے۔

رہنماء ٹی ایل پی علامہ غلام غوث بغدادی نے دوران عدت نکاح سے متعلق عدالتی فیصلے پر ردعمل جاری کرتے ہوئے کہا کہ سورہ بقرہ کی آیت نمبر 228 میں بڑے واضح انداز میں کہا گیا ہے کہ طلاق یافتہ خواتین تین حیض اپنی عدت مکمل کرنے کے بعد نکاح کرسکتی ہیں، دوران عدت نکاح کرنا باطل ہے، اگر کسی نے دوران عدت نکاح کر لیا تو اسے چاہیئے کہ فوراَ جدائی اختیار کر لے۔ انہوں نے لاہور ہائیکورٹ سے مطالبہ کیا کہ عدت کے حوالے سے فیصلے پر نظرثانی کی جائے، ورنہ سپریم جوڈیشل کونسل اس فیصلے کو واپس لے، کیونکہ یہ فیصلہ قرآن و حدیث کی نصوص کیخلاف ہے، حکم قرآنی کے مطابق خاتون دوران عدت نکاح نہیں کرسکتی، شرعی معاملات میں عدالت مستند علمائے کرام سے مشورہ لازم کرے۔


خبر کا کوڈ: 972992

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/972992/دوران-عدت-نکاح-جائز-نہیں-ہائیکورٹ-فیصلہ-واپس-لے-تحریک-لبیک-پاکستان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org