QR CodeQR Code

حسن رضا نقوی کی تازہ اردو کتاب "مکتبِ سلیمانی" کے فارسی ایڈیشن "سرباز ِمکتب" کی تقریب رونمائی

11 Jan 2022 15:42

ایرانی پارلیمنٹ کے سابق اسپیکر اور مقتدرہ قومی زبان و ادبیات فارسی کے موجود چیئرمین ڈاکٹر حداد عادل کا تقریب رونمائی سے خطاب میں کہنا تھا کہ اگر کوئی ہم سے شہید قاسم سلیمانی کے بارے ایک جامع کتاب کے بارے پوچھے تو ہم کہہ سکتے ہیں کہ حسن رضا نقوی کی کتاب شہید سلیمانی کے بارے ایک جامع کتاب ہے، جو انتہائی بہترین اسلوب اور محنت کیساتھ لکھی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ میں اس کتاب کے حوالے سے چند ماہ پہلے سے باخبر تھا اور میں نے کسی حد تک مصنف کی مدد بھی کی ہے تو اس لیے میں کتاب کی تحقیقی و علمی سطح سے بھی واقف ہوں۔


اسلام ٹائمز۔ یونیورسٹی آف تہران کی جانب سے پاکستانی مصنف حسن رضا نقوی کی کتاب "مکتبِ سلیمانی" جو کہ بیک وقت اردو، فارسی، انگلش اور عربی زبان میں پبلش ہوئی ہے، کے فارسی ایڈیشن "سرباز ِمکتب" کی تقریب رونمائی تہران یونیورسٹی میں رکھی گئی، جس میں ایرانی پارلیمنٹ کے سابق اسپیکر اور مقتدرہ قومی زبان و ادبیات فارسی کے موجود چیئرمین و رہبر معظم انقلاب اسلامی کے مشیر ڈاکٹر حداد عادل، ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی کے پارلیمانی امور کے نائب ڈاکٹر سید محمد حسینی، تہران یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر سید محمد مقیمی، رہبر معظم انقلاب اسلامی سید علی خامنه‌ ای کے تہران یونیورسٹی میں نمائندے حجت الاسلام و المسلمین ڈاکٹر کرمی کے علاوہ تہران کے دانشوروں نے بھی کثیر تعداد میں تقریب رونمائی میں شرکت کی۔ ڈاکٹر حداد عادل نے کتاب "سربازِ مکتب" کی خصوصیات پر گفتگو کرتے ہوئے اس کو نہ صرف بین الاقوامی سطح کے قارئین کے لئے بلکہ ایرانی قوم کو بھی اس کتاب کے پڑھنے کی تلقین کی ہے کہ اس کتاب کے پڑھنے سے ایرانی قوم بھی انقلاب و مزاحمتی بلاک کو دنیا میں روشناس کروانے کے حوالے اپنی کمزوریوں کی طرف متوجہ ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ہم سے انقلاب ِاسلامی کے تعارف کے لئے ایک جامع کتاب کے بارے پوچھے تو شاید ہی ہم کوئی ایک جامع کتاب اسے بتا سکیں۔ اسی طرح مختلف شخصیات کے بارے بھی کئی کتابیں بہت جلدی میں لکھ دی جاتی ہیں، یعنی انکے وفات کے ایک مہینے کے بعد کئی کتابیں منظر عام پہ آجاتی ہیں، جن کو بہت زیادہ دقت یا محنت کے ساتھ نہیں لکھا گیا ہوتا ہے۔ ڈاکٹر حداد عادل کا کہنا تھا کہ اگر کوئی ہم سے شہید قاسم سلیمانی کے بارے ایک جامع کتاب کے بارے پوچھے تو ہم کہہ سکتے ہیں کہ حسن رضا نقوی کی کتاب شہید سلیمانی کے بارے ایک جامع کتاب ہے، جو انتہائی بہترین اسلوب اور محنت کے ساتھ لکھی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ میں اس کتاب کے حوالے سے چند ماہ پہلے سے باخبر تھا اور میں نے کسی حد تک مصنف کی مدد بھی کی ہے تو اس لیے میں کتاب کی تحقیقی و علمی سطح سے بھی واقف ہوں۔

ڈاکٹر حداد عادل کا کہنا تھا کہ حسن رضا نقوی نے بہت ہمت اور استقامت سے کام لیتے ہوئے اس عظیم کام کو انجام دیا ہے، جس سے شہید قاسم سلیمانی کی زندگی کے تمام پہلوؤں کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔ اہم افراد کے انٹرویوز اور شہید قاسم سلیمانی کے بارے پہلی دفعہ بیان ہونے والے اہم مطالب جو کہ ان کی ولادت سے لیکر شہادت تک ہیں، وہ بھی اس کتاب کا حصہ ہیں۔ ڈاکٹر حداد عادل نے شہید قاسم سلیمانی کو مزاحمتی محاذ کی مرکزی شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے لبنان، فلسطین، عراق، شام، یمن اور افغانستان میں امریکی و اسرائیلی منصوبوں کو خس و خاشاک ثابت کیا۔ ایرانی صدر کے پارلیمانی امور کے نائب ڈاکٹر سید محمد حسینی اور تہران یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر مقیمی، تہران یونیورسٹی میں رہبر معظم کے دفتر کے نمائندے نے بھی حسن رضا نقوی کو اس کتاب کی اشاعت پر مبارکباد پیش کی اور علمی و تحقیقی میدان میں اپنے ہر قسم کے تعاون کی پیشکش کی۔


خبر کا کوڈ: 973046

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/973046/حسن-رضا-نقوی-کی-تازہ-اردو-کتاب-مکتب-سلیمانی-کے-فارسی-ایڈیشن-سرباز-مکتب-تقریب-رونمائی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org