0
Tuesday 11 Jan 2022 22:30

کراچی میں اومی کرون کے پھیلاؤ میں خطرناک اضافہ

کراچی میں اومی کرون کے پھیلاؤ میں خطرناک اضافہ
اسلام ٹائمز۔ وزیر صحت و بہبود آبادی سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کورونا ویکسینیشن کی تعداد بڑھانے، سندھ میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروانے اور گھر گھر ویکسین کے لئے اہم اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس ضمن میں ہونے والے اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری قاسم سومرو، سیکریٹری صحت سندھ ذوالفقار شاہ، ایڈیشنل ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر ارشاد میمن، سندھ بھر کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی ایچ اوز نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس میں کورونا ویکسینیشن صورتحال اور اسے مزید تیز کرنے کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ کورونا کے کیسز میں اضافہ کو نظر میں رکھتے ہوئے ویکسین اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے، ہمیں ویکسینیشن کے معاملے پر اب دوبارہ سختی کرنی ہوگی، لوگ کورونا ایس او پیز کو مکمل نظر انداز کررہے ہیں، جس کی وجہ سے مثبت کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔

وزیر صحت سندھ نے کہا کہ تمام شہریوں کے ماسک پہننے پر سختی سے عمل کروایا جائے تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔ انہوں نے ہدایات دیں کہ کورونا ایس او پیز پر عمل کروانے کے لئے محکمہ داخلہ سندھ کو آن بورڈ لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ شاپنگ مالز، شادی ہالز والوں کے لئے لازمی ہوگا کہ وہ ویکسینیشن کارڈ کے بغیر لوگوں کو داخلہ ہونے سے منع کردیں۔ وزیر صحت نے کہا کہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والے شاپنگ مالز اور شادی ہالز کے خلاف کارروائی کی جائیگی، سخت اقدامات کے بعد ہی زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ویکسین کروانے پر آمادہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر اہلکاروں کے لئے ماسک پہننا لازمی قرار دیا جائے، اس ضمن میں آئی جی سندھ کو خط لکھا جائے۔
خبر کا کوڈ : 973079
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش