0
Tuesday 11 Jan 2022 22:44

اسی ہزار شہداء کے ورثاء دہشتگردوں کو پھانسی کے پھندے پر دیکھنا چاہتے ہیں، علامہ مقصود ڈومکی

اسی ہزار شہداء کے ورثاء دہشتگردوں کو پھانسی کے پھندے پر دیکھنا چاہتے ہیں، علامہ مقصود ڈومکی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے سانحہ 10 جنوری علمدار روڈ کوئٹہ کے شہداء کی نویں برسی کی مناسبت سے منعقدہ تکریم شہداء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن عزیز پاکستان میں چار دہائیوں تک دہشت گردی کی آگ جلائی گئی۔ پاک فوج اور ریاستی اداروں نے آپریشن ضرب عضب اور آپریشن رد الفساد کے دوران لاتعداد قربانیاں دے کر دہشت گردی کے نیٹ ورک کو توڑا، اس لئے ضروری ہے کہ دہشت گردوں کو دوبارہ منظم ہونے سے روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن منظم اور مربوط انداز سے جاری رہنا چاہئے تاکہ وطن عزیز پاکستان کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکے۔ دہشت گردی ملک و قوم کے لئے زہر قاتل ہے۔ کالعدم تنظیموں کے شرانگیزی اور فرقہ وارانہ منافرت پر مبنی جلسے نیشنل ایکشن پلان کی کھلی خلاف ورزی ہے، کالعدم تنظیموں کے نفرت انگیز جلسوں میں سیاسی شخصیات اور حکومتی وزراء کی شرکت المیہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی ہزار شہداء کے ورثاء دہشت گردوں کو پھانسی کے پھندے پر دیکھنا چاہتے ہیں، دہشت گردوں کو اثاثہ سمجھنے والوں نے پہلے ہی ملک و قوم کا بہت نقصان کیا ہے۔ قصاص میں حیات ہے یہ قرآن کریم کا قانون ہے لہذا مجرموں کو نشان عبرت بنایا جائے۔ کانفرنس سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ سید ہاشم علی موسوی، سابق صوبائی وزیر آغا سید محمد رضا، صوبائی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم علامہ برکت علی مطہری، علامہ ولایت حسین جعفری، ارباب لیاقت علی ہزارہ و دیگر نے خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 973081
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش