QR CodeQR Code

پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا، مساجد کا تحفظ حکومتی ذمہ داری ہے، ایم کیو ایم

11 Jan 2022 23:38

مدینہ مسجد طارق روڈ کا دورہ کرنے والے متحدہ وفد نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان مدینہ مسجد طارق روڈ کی انتظامیہ سے اظہار یکجہتی کرتی ہے اور ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار ہے۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد نے عارف خان ایڈوکیٹ کی قیادت میں مدینہ مسجد طارق روڈ کا دورہ کیا۔ وفد میں رابطہ کمیٹی کے ارکان عبدالحسیب خان، زاہد منصوری، خالد سلطان، علاقائی انچارج فیصل شامل تھے۔ مدینہ مسجد طارق روڈ پہنچنے پر وفد کا جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنماؤں قاری محمد عثمان، مولانا محمد غیاث اور مدینہ مسجد کمیٹی کے اراکین نے خیر مقدم کیا۔ وفد نے مدینہ مسجد طارق روڈ کے انہدام کے عدالتی فیصلے سے پیدا شدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ اس اہم دینی مسئلہ پر علماءکرام کی مشاورت کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک اور قوم کے عظیم تر مفاد میں نظر ثانی کرکے کراچی سمیت ملک بھر میں پائی جانے والی بے چینی اور تشویش کی لہر کو ختم کرے۔

ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے کہا کہ پارک بھی پبلک کی ضرورت میں آتا ہے اور مسجد مسلم معاشرے میں سب سے بڑی ضرورت ہوتی ہے، لہٰذا علاقے کے عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے کہ 41 سال سے قائم مدینہ مسجد طارق روڈ کو اپنے حال پر چھوڑا جائے۔ رہنماؤں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان مدینہ مسجد طارق روڈ کی انتظامیہ سے اظہار یکجہتی کرتی ہے اور ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار ہے، ایم کیو ایم پاکستان عوام کے اس مطالبے کی مکمل حمایت کرتی ہے کہ انہیں پارک نہیں مسجد چاہیے۔ رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے مقدس نام پر حاصل کیا گیا تھا، یہاں مساجد اور عبادت گاہوں کو قانونی تحفظ فراہم کرنا حکومت وقت سمیت تمام اداروں کی یکساں ذمہ داری ہے۔


خبر کا کوڈ: 973095

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/973095/پاکستان-اسلام-کے-نام-پر-حاصل-کیا-گیا-مساجد-کا-تحفظ-حکومتی-ذمہ-داری-ہے-ایم-کیو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org