QR CodeQR Code

کراچی میں ندی سے 2 باریش نوجوانوں کی لاشیں برآمد، شناخت نہ ہوسکی

12 Jan 2022 15:20

ڈی این اے کیلئے بھی سیمپل لیبارٹری بھیجے جائیں گے، جس کے بعد ہی شناخت کا عمل ممکن ہو سکے گا، پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں گڈاپ کے علاقے میں ندی سے دو باریش افراد کی لاشیں ملیں، فوری طور پر دونوں کی شناخت نہیں ہو سکی، وجہ موت کا بھی علم نہیں ہو سکا۔ تفصیلات کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب گڈاپ کے علاقے ناردرن بائی پاس کے قریب نیک محمد بروہی گوٹھ میں ندی سے دو افراد کی لاشیں ملیں۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو حکام اور پولیس موقع پر پہنچ گئے اور لاشوں کو ایدھی ایمبولینسوں کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق دونوں کی عمریں تیس سے پینتیس برس کے درمیان معلوم ہوتی ہیں، دونوں لاشیں تقریباً ایک ماہ پرانی ہیں، جبکہ دونوں باریش ہیں، فنگر پرنٹ کے ذریعے بھی شناخت کی کوشش کی گئی، لیکن لاشیں پرانی ہونے کے باعث فنگر پرنٹ کے ذریعے بھی شناخت نہیں ہو سکی۔ دونوں لاشوں کو ایک ہی کپڑے میں لپیٹ کر پھینکا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فوری طور پر وجہ موت کا بھی علم نہیں ہو سکا ہے، لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ ڈی این اے کیلئے بھی سیمپل لیبارٹری بھیجے جائیں گے، جس کے بعد ہی شناخت کا عمل ممکن ہو سکے گا، پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 973197

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/973197/کراچی-میں-ندی-سے-2-باریش-نوجوانوں-کی-لاشیں-برا-مد-شناخت-نہ-ہوسکی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org