QR CodeQR Code

پشاور میں مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق

12 Jan 2022 17:04

ریسکیو حکام نے بتایا کہ واقعہ رات کے آخری پہر میں پیش آیا، اور چھت کے ملبے تلے 7 افراد دب گئے، ریسکیو کے رضا کاروں نے تمام افراد کو ملبے سے نکال کر خیبر ٹیچنگ اسپتال منتقل کردیا۔


اسلام ٹائمز۔ پشاور کچے مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ اسلام ٹائمز کے مطابق پشاور کے علاقے ارباب روڈ انقلاب کالونی تہکال کے قریب کچے مکان کی چھت گر گئی، چھت کے ملبے تلے آکر  5 افراد جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو حکام نے بتایا کہ واقعہ رات کے آخری پہر میں پیش آیا، اور چھت کے ملبے تلے 7 افراد دب گئے، ریسکیو کے رضا کاروں نے تمام افراد کو ملبے سے نکال کر خیبر ٹیچنگ اسپتال منتقل کردیا، تاہم ڈاکٹرز کے مطابق 5 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے اور 2 زخمی افراد تاحال زیر علاج ہیں، ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق افراد میں ماں اور بیٹیاں بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب مکان کی چھت گرنے کے واقعے پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اظہار افسوس کرتے ہوئے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اور زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں۔


خبر کا کوڈ: 973224

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/973224/پشاور-میں-مکان-کی-چھت-گرنے-سے-ایک-ہی-خاندان-کے-5-افراد-جاں-بحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org