QR CodeQR Code

شہید علامہ ضیاء الدین رضویؒ کی 17ویں برسی پر علامہ ساجد نقوی کا پیغام

12 Jan 2022 18:36

ایس یو سی کے سربراہ نے کہا کہ شہید رضوی نے گلگت بلتستان کے عوام کے سیاسی، سماجی، تعلیمی اور اقتصادی حقوق کیلئے بھرپور جدوجہد کی جو کہ سب کیلئے مشعل راہ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے قائد علامہ سید ساجد علی نقوی نے جید عالم دین اور گلگت بلتستان کی معروف اور متحرک مذہبی و سماجی شخصیت علامہ سید ضیاء الدین رضوی کی 17ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شہید رضوی نے گلگت بلتستان کے عوام کے سیاسی، سماجی، تعلیمی اور اقتصادی حقوق کے لئے بھرپور جدوجہد کی، جو کہ سب کے لئے مشعل راہ ہے اور اسے آگے بڑھانے کے لئے سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ علامہ ساجد نقوی کا مزید کہنا تھا کہ درپیش مسائل پر آغا ضیاء الدین رضوی کے مثبت اور تعمیری کردار کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، ملی پلیٹ فارم سے مربوط و منسلک رہ کر انہوں نے بے مثال خدمات انجام دیں، جس کی بدولت گلگت بلتستان کے عوام میں نہ صرف ملی شعور بیدار ہوا، محرومیت کا خاتمہ ہوا بلکہ باہمی وحدت و اتحاد اور اخوت و روداری کی فضا کو بھی فروغ حاصل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ملی پلیٹ فارم کو یہ امتیاز حاصل ہے کہ روز اول سے ہی اس نے ان پسماندہ اور محروم علاقوں کے آئینی و قانونی حقوق کی بات کی اور جماعت کے ہر اہم اجتماع اور اجلاس کے ایجنڈے پر سرفہرست جو مسئلہ رہا، وہ ان علاقوں کی آئینی و قانونی حیثیت کا تعین اور عوام کے محرومی و پسماندگی کا خاتمہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ چنانچہ اس لازوال اور مسلسل جدوجہد نے حکومتوں کو ہماری آواز پر کان دھرنے پر مجبور کیا اور ان علاقوں کی تعمیر و ترقی اور حقوق کے حوالے سے پیش رفت ہوئی، تاہم اب بھی سمجھتے ہیں کہ ان کی خود مختاری کی خاطر ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ علامہ ساجد نقوی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ شہید ضیاء الدین رضوی کی گرانقدر خدمات اور ناقابل فراموش جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے لازم و ناگزیر ہے کہ ان کی سوچ، فکر اور جدوجہد کو آگے بڑھایا جائے اور دینی، سماجی، علمی اور سیاسی میدانوں میں مثبت انداز فکر اپنا کر عوام کے حقوق کی حصول کی جدوجہد کو تیز تر کیا جائے، تاکہ ان کے مشن، ہدف اور مقصد کا حصول ممکن بنایا جاسکے۔


خبر کا کوڈ: 973232

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/973232/شہید-علامہ-ضیاء-الدین-رضوی-کی-17ویں-برسی-پر-ساجد-نقوی-کا-پیغام

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org