QR CodeQR Code

نظام کو ڈیجیٹلائز، پورے گلگت بلتستان کا ماسٹر پلان تیار کیا جا رہا ہے، کاظم میثم

12 Jan 2022 19:27

ایک بیان میں وزیر زراعت گلگت بلتستان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت بین الاضلاعی روابط کو بہتر بنانے، ذرائع نقل و حمل کو بہتر بنانے کے لیے جن منصوبوں پر کام کر رہی ہے اس سے پورا خطہ بدل جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر زراعت گلگت بلتستان و صوبائی رہنما ایم ڈبلیو ایم محمد کاظم میثم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ صوبائی حکومت طویل المیعاد اور قلیل المیعاد بنیادوں پر مربوط اور جامع حکمت عملی کے تحت متعدد منصوبوں پہ پیشرفت کر رہی ہے۔ قانون سازی، اصلاحات اور ترقیاتی و تزویراتی امور میں نہایت سنجیدگی کے ساتھ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ماضی میں منصوبے غیربوط اور منظم نہ ہونے کے سبب قومی وسائل کے ضیاع کے ساتھ ساتھ خطے میں ان منصوبوں سے خاطر خواہ فائدہ بھی اٹھایا نہیں جاسکا۔ آج پورے گلگت بلتستان کا ماسٹر پلان تیار کیا جا رہا ہے جس کی اہمیت سے ہر صاحب فکر و فہم آگاہ ہے۔ ماضی میں ماسٹر پلان کے تحت کام ہوتا تو آج ہمارے شہروں کا نقشہ ہی کچھ اور ہوتا۔ صوبائی حکومت بین الاضلاعی روابط کو بہتر بنانے، ذرائع نقل و حمل کو بہتر بنانے کے لیے جن منصوبوں پر کام کر رہی ہے اس سے پورا خطہ بدل جائے گا۔

صوبائی وزیر زراعت کا مزید کہنا تھا کہ ایک طرف شندور سے غذر کے راستے گلگت تک کی رسائی اور دوسری طرف شغرتھنگ روڈ کی تکمیل کے بعد یہاں کی سیاحت میں انقلاب آئے گا۔ قومی وسائل کے بہتر استعمال اور دیہی علاقوں کی ترقی اور اختیار کی نچلی سطح تک منتقلی کے لیے لوکل گورنمنٹ کا جو نیا نظام لے کے آ رہے ہیں وہ مثالی ہوگا۔ اس سے جمہوری اقدار کے فروغ، ترقیاتی امور میں لوکل کمیونیٹیز کی شمولیت، سیاسی اداروں کی رشد و نمو اور گورننس میں غیر معمولی بہتری آئے گی۔ اس نظام سے وسائل کی فراہمی اور تقسیم ہر گاوں کی سطح تک ہوگا۔ محکمہ زراعت کے تحت سی پیک میں شامل کرانے کے لیے دو سو پچاس ملین ڈالر کی سکیم کی سفارش مرتب کی جا رہی ہے، جس میں زرعی ترقیاتی منصوبوں کو مائیکرو لیول پر لوکل گورنمنٹ کے سٹرکچر سے مربوط کیا جائے گا اور ساتھ ہی ساتھ میکرو لیول پر بھی انٹروینشنز ہونگی۔ جن سے زراعت میں مثالی ترقی آئے گی۔

کاظم میثم نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کا سٹرکچر مالیاتی اور اختیارات کے ضمن میں بھی  وسائل اور اختیار سے بھرپور ہوگا۔ صوبائی حکومت کی طرف سے دبئی ایکسپو میں اہم اداروں کی شرکت یقینی ہوگی جس میں محکمہ زراعت گلگت بلتستان کی ایگری پوٹینشلز کو ڈسپلے کرنے کے ساتھ ساتھ یہاں کی زراعت میں سرمایہ کاروں کو موجود مواقع پر بھی بریفینگ دی جائے گی۔ ایگریکلچر، فشریز، منرلز اور سیاحت میں ترقی و فروغ کے لیے یہ ایکسپو ممد و معاون ثابت ہوگا۔ وزیر زراعت نے مزید کہا کہ ہماری حکومت سیاسی انتقام کا قائل ہے اور نہ اداروں میں غفلت برداشت کی جائے گی۔ تمام اداروں کی سروسز کو بہتر بنانے کے لیے ڈیجٹیلائزیشن کی طرف جانا بھی اہم ترجیحات میں سے ہے۔ جس سے سروس ڈیلیوری میں بہتری آئے گی اور ساتھ ہی شفافیت یقینی ہوگی۔


خبر کا کوڈ: 973234

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/973234/نظام-کو-ڈیجیٹلائز-پورے-گلگت-بلتستان-کا-ماسٹر-پلان-تیار-کیا-جا-رہا-ہے-کاظم-میثم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org