QR CodeQR Code

جماعت اسلامی کا سندھ بلدیاتی ترمیمی بل کیخلاف صوبے بھر میں احتجاجی کیمپ لگانے کا اعلان

12 Jan 2022 19:29

صوبائی ترجمان مجاہد چنا کے مطابق اس حوالے سے سندھ بھر کے تمام اضلاع کے ہیڈکواٹرز میں احتجاجی کیمپ لگائے جائیں گے، جماعت اسلامی کے صوبائی و ضلعی رہنماء ان کیمپوں کا دورہ اور ہینڈ بل و پوسٹرز اور وفود کے ذریعے عوام کو سندھ حکومت کے عوام و سندھ دشمن بلدیاتی ترمیمی بل سے آگاہ کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ نے پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کے بلدیاتی ترمیمی بل کیخلاف اور کراچی دھرنے کی حمایت میں 14 اور 16 جنوری کو سندھ بھر میں احتجاجی کیمپ لگانے کا اعلان کر دیا۔ جماعت اسلامی سندھ کے ترجمان مجاہد چنا کے مطابق اس حوالے سے سندھ بھر کے تمام اضلاع کے ہیڈکواٹرز میں احتجاجی کیمپ لگائے جائیں گے، جماعت اسلامی کے صوبائی و ضلعی رہنماء ان کیمپوں کا دورہ اور ہینڈ بل و پوسٹرز اور وفود کے ذریعے عوام کو سندھ حکومت کے عوام و سندھ دشمن بلدیاتی ترمیمی بل سے آگاہ کریں گے۔ درایں اثنا صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے سندھ اسمبلی کے باہہر جاری دھرنے کے 13ویں روز خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئین سے متصادم سندھ حکومت کے بلدیاتی ترمیمی بل کی واپسی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی، کیونکہ یہ منتخب بلدیاتی نمائندوں کے حقوق پر ڈاکہ اور سندھ دشمنی پر مبنی کالا قانون ہے۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ کراچی کے حقوق پر ڈاکہ کیخلاف اہلیان کراچی استقامت کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں، جس میں مرد و خواتین، بزرگ و بچے بھی شامل ہیں، پیپلز پارٹی نے مذاکرات کیلئے وفد بھیج کر عوام کے جذبات کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کی ہے، لیکن چار دن گذر جانے کے باوجود ابھی تک کوئی اجلاس نہیں ہوا ہے، جمہوریت کی دعویدار پیپلز پارٹی نے دونوں مرتبہ ترمیمی بل اسمبلی سے اپنی عددی قوت سے آناً فاناً منظور کروایا اور جماعت اسلامی سمیت اپوزیشن جماعتوں کو نظرانداز کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ یونین کونسل بنانے سے لیکر منتخب نمائندوں و بلدیاتی اداروں کو اختیارات تک کراچی تا کشمور ایک قانون ہونا چاہئے، بلدیاتی کالا قانون واپس لیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 973236

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/973236/جماعت-اسلامی-کا-سندھ-بلدیاتی-ترمیمی-بل-کیخلاف-صوبے-بھر-میں-احتجاجی-کیمپ-لگانے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org