0
Wednesday 12 Jan 2022 19:49

کراچی میں ایک کروڑ 16 لاکھ سے زائد لوٹ لیے گئے

کراچی میں ایک کروڑ 16 لاکھ سے زائد لوٹ لیے گئے
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں ڈکیتی کی صرف دو وارداتوں میں ڈاکو ایک کروڑ 16 لاکھ روپے سے زائد کی رقم، 73 لاکھ روپے کے چیکس اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہوگئے، جبکہ مزاحمت پر ایک شہری کو بھی قتل کر دیا گیا۔کراچی کے علاقے صدر میں عبداللہ ہارون روڈ پر موبائل فون کمپنی کے دفتر میں ڈکیتی کی واردات ہوئی، جس میں ملزمان نے اسلحے کے زور پر کیش کاﺅنٹر سے 46 لاکھ روپے کی نقد رقم، 73 لاکھ روپے کے چیکس اور موبائل فون چھینے اور فرار ہوگئے۔ ملزمان موبائل فون کمپنی کے دفتر میں ماسک لگاکر داخل ہوئے اور اسلحے کے زور پر عملے کو یرغمال بناکر رقم، چیکس اور موبائل فون تھیلے میں بھرے اور فرار ہوگئے۔ واردات کا مقدمہ پریڈی تھانے میں درج کر لیا گیا ہے تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ہے۔

دوسری جانب کلفٹن شون سرکل انڈر پاس کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص کو قتل کر دیا گیا، مقتول کی شناخت 35 سالہ ویربھان سمر داس کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق وہ بینک سے رقم نکال کر جا رہا تھا، تو موٹر سائیکل پر سوار 3 مسلح ملزمان پہنچ گئے، اسلحہ کے زور پر رقم چھیننے کی کوشش کی اور مزاحمت پر فائرنگ کر دی، جس سے وہ موقع پر شدید زخمی ہوا، اسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ پولیس کے مطابق مقتول کو قتل کرکے ملزمان 70 لاکھ روپے سے زائد کی رقم لوٹ کر فرار ہوگئے، مقتول کے ہمراہ اس کا بھائی بھی تھا، تاہم وہ واردات میں محفوظ رہا۔
خبر کا کوڈ : 973238
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش