QR CodeQR Code

فلسطین، صیہونی فوج کے وسیع حملے، 80 سالہ معمر فلسطینی شہید دسیوں گرفتار

12 Jan 2022 20:40

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غاصب صیہونی فوج نے متعدد فلسطینی علاقوں پر دھاوا بول کر پکڑ دھکڑ کا سلسلہ شروع کر دیا جبکہ رام اللہ میں 80 سالہ فلسطینی عمر عبدالمجید اسعد کو بھی گرفتار کرنے کیبعد تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس سے وہ موقع پر ہی شہید ہو گیا


اسلام ٹائمز۔ غاصب صیہونی فوجیوں نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فلسطین کے متعدد علاقوں پر دھاوا بول کر دسیوں فلسطینی جوانوں، بچوں و بوڑھوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ فلسطینی خبررساں ایجنسی صفا کے مطابق غاصب صیہونی فوجیوں نے فلسطینی شہر رام اللہ کے گاؤں جلجلیا میں حملہ کر کے 80 سالہ معمر فلسطینی عمر عبدالمجید کو گرفتار کرنے کے بعد بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ موقع پر ہی شہید ہو گیا۔



دوسری جانب غاصب صیہونی رژیم کی جانب سے تازہ ہتھیائی گئی فلسطینی اراضی النقع جو صحرائے النقب میں واقع ہے، کے مقام پر بھی فلسطینی شہریوں اور غاصب صیہونی فوجیوں کے درمیان وقفے وقفے سے شدید جھڑپیں ہوتی رہیں۔ عرب چینل المنار کے مطابق اس دوران غاصب صیہونی فوجیوں نے 21 فلسطینی شہریوں کو گرفتار کر لیا جن میں جوان اور بوڑھوں کے ساتھ ساتھ بچے بھی شامل ہیں جبکہ الشقیب السلام نامی مقام پر احتجاجی مظاہرین نے حملہ آور صہیونیوں کی گاڑی کو نذر آتش کر دیا۔


فلسطین الیوم کے مطابق گذشتہ شب غاصب صیہونی فوجیوں نے باب الاسباط کے قریب قدس شریف کے قدیمی فلسطینی محلے پر بھی متعدد بکتر بند گاڑیوں کے ساتھ حملہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں شہر جنین میں بھی غاصب صہیونیوں کی جانب سے فلسطینی جوانوں کی گرفتاری اور فلسطینی مزاحمت کا سلسلہ جاری ہے جبکہ شہر جنین کے "پریزنر کلب" کے سربراہ منتصر سمور نے بتایا کہ غاصب صیہونی فوجیوں نے آج شہر کے جنوب میں واقع عرابہ نامی غیرقانونی یہودی بستی کے قریب سے ایک 24 سالہ فلسطینی نوجوان کو بلاوجہ گرفتار کر لیا۔


خبر کا کوڈ: 973251

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/973251/فلسطین-صیہونی-فوج-کے-وسیع-حملے-80-سالہ-معمر-فلسطینی-شہید-دسیوں-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org