0
Thursday 13 Jan 2022 10:38

لاہور، سیف سٹی کیمرے آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر منتقل

لاہور، سیف سٹی کیمرے آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر منتقل
اسلام ٹائمز۔ لاہور میں سیف سٹی کیمروں کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر منتقل کر دیا گیا ہے، جس کے ذریعے چہروں کی شناخت کا عمل بھی شروع کر دیا گیا۔ پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے چیف آپریٹنگ آفیسر کامران خان نے بتایا کہ آہستہ آہستہ اس جدید سسٹم کو مکمل طور پر بروئے کار لا رہے ہیں۔ یہ جدید ترین کیمرے ہیں، ان میں تین طرح کی پروگرامنگ کر دی گئی ہے، اس وقت یہ کیمرے اشارہ توڑنے والی گاڑیوں کے چالان کر رہے ہیں اور اسی طرح حد رفتار سے تجاوز کرنیوالی گاڑیوں کے بھی خود کار طریقے سے چالان کرتے ہیں۔ سرخ لائن آن ہوتے ہی جو گاڑیاں اس ورچوئل لائن پر ہوتی ان کی تصاویر کیمرہ محفوظ کر لیتا ہے۔ صرف یہی نہیں اس مصنوعی ذہانت کے پروگرام کو ایکسائز اور نادرا کے نظام بھی جوڑے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگلے ہی سیکنڈ میں تمام اشارہ کاٹنے والی گاڑیوں کی نمبر پلیٹ پڑھ کر اسی لمحے ایکسائز سے ڈیٹا لے کر اور نادرا سے ایڈریس لے کر کیمرہ چالان جاری کر دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ سسٹم مکمل خودکار ہو چکا ہے۔ اب اس میں انسانی مداخلت ختم ہو چکی ہے۔ ہر کیمرے کو ورچوئل فینسنگ یا جیو فینسنگ میں بھی تبدیل کر دیا ہے۔ 100 میٹر کے اس ورچوئل جنگلے میں کوئی بھی گاڑی گزرتی ہے تو اس کی سپیڈ بھی فوری ریکارڈ ہو جاتی ہے۔ اگر یہ رفتار مقررہ حد سے زیادہ ہو تو اسی وقت اس گاڑی کی نمبر پلیٹ پڑھ کے کیمرہ پہلے والے عمل سے ہی چالان جاری کر دیتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 973324
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش