QR CodeQR Code

جماعت الدعوۃ کے سربراہ کے گھر کے باہر بم دھماکا کرنے والے 4 مجرمان کو سزائے موت

13 Jan 2022 12:54

ذرائع کے مطابق سزا پانے والوں میں پیٹر پال، عید گل، ضیاء اللہ اور سجاد حسین شامل ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جوہر ٹاؤن میں جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کی رہائش گاہ کے قریب گزشتہ سال ہونے والے دھماکے میں ملوث 4 ملزمان کو 9 مقدمات میں سزائے موت سنا دی۔ ذرائع کے مطابق سزا پانے والوں میں پیٹر پال، عید گل، ضیاء اللہ اور سجاد حسین شامل ہیں۔ ٹرائل جج نے ایک اور ملزم عائشہ گل کو بھی مرکزی ملزمان کی سہولت کاری کے الزام میں 5 سال قید کی سزا سنائی۔ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر جج ارشد حسین بھٹہ نے ملزمان کے خلاف مقدمے کی سماعت جیل میں کی۔ محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے ملزمان کو گرفتار کیا اور مقدمے کی سماعت کے دوران استغاثہ نے 56 گواہ پیش کیے تھے۔ ملزمان نے الزامات اور واقعے میں اپنے کردار سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ سی ٹی ڈی نے صرف اپنی کارکردگی دکھانے کے لیے ان پر الزامات لگائے ہیں۔ یاد رہے 23 جون 2021ء کو جوہر ٹاؤن میں حافظ سعید کی رہائش گاہ کے قریب زور دار دھماکے میں ایک پولیس کانسٹیبل سمیت 3 افراد جاں بحق اور 24 زخمی ہو گئے تھے۔


خبر کا کوڈ: 973349

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/973349/جماعت-الدعوۃ-کے-سربراہ-گھر-باہر-بم-دھماکا-کرنے-والے-4-مجرمان-کو-سزائے-موت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org