0
Thursday 13 Jan 2022 17:40

بلتستان یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ و طالبات کے وفد کا جامعہ الکوثر اسلام آباد کا دورہ

بلتستان یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ و طالبات کے وفد کا جامعہ الکوثر اسلام آباد کا دورہ
اسلام ٹائمز۔ بلتستان یونیورسٹی کے اساتذہ، انتظامی آفیسران اور طلباء و طالبات کے ایک وفد نے رجسٹرار وسیم اللہ جان ملک کی قیادت میں جامعۃ الکوثر اسلام آباد کا دورہ کیا۔ اپنی کثیر الجہت دینی و تعلیمی خدمات کے حوالے سے معروف جامعۃ الکوثر کے نگرانِ اعلیٰ آغا انور علی نجفی نے وفد کو استقبالیہ دیا اور ادارہ کے مختلف سیکشن کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اُنہوں نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے قرار دیا کہ بلتستان یونیورسٹی اور جامعۃ الکوثر کے درمیان مضبوط تعلیمی روابط ہونے چاہئیں۔ آغا انور نے کہا کہ مسلمان اپنے اُصول اور اقدار کے اعتبار سے اقوامِ مغرب سے ہزار سال آگے ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی کی ضرورت اپنی جگہ لیکن ایک مسلمان کا دل جو روحانیت سے معمور ہو وہ اُس ٹیکنالوجی سے کئی گنا معتبر و افضل ہے۔

اُنہوں نے نوجوان مسلم نسل کی موجودہ حالت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آج کا مسلمان نوجوان جسمانی اعتبار سے تو ایک مسلمان ملک میں رہتا ہے لیکن باطنی اور ذہنی اعتبار سے وہ اغواء ہو چکا ہے۔ دینی مدارس کی افادیت اور قیام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے آغا انور علی نے کہا کہ جامعۃ الکوثر کو قائم کرنے کا مقصد بیوروکریٹ پیدا کرنا نہیں بلکہ مذہبی دانشور کی تیاری اور رہنمائی فراہم کرنا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ تربیت و اخلاق کی آبیاری صرف مدرسوں اور مولویوں کا کام نہیں بلکہ ہر وہ شخص ذمہ دار ہے جو درس و تدریس سے وابستہ ہے۔

مختلف سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے آغا انور علی نجفی نے کہا کہ جامعۃ الکوثر کے دروازے ہر ایک کےلئے کھلے ہیں، یہاں ترجیحاً دینی تعلیم تو دی جاتی ہے البتہ دُنیاوی علوم کے ماہرین کو بھی معاونت اور رہنمائی فراہم کی جاتی ہے۔ رجسٹرار بلتستان یونیورسٹی وسیم اللہ جان ملکؔ نے اپنی مختصر گفتگو میں کہا کہ بلتستان یونیورسٹی جامعۃ الکوثر کو اپنا دوسرا گھر سمجھتی ہے۔ ہم جب بھی یہاں آئے ہیں بھرپور استقبالیہ کے ساتھ ہمیں خوش آمدید کہا گیا۔ دورے کا اہتمام ایجوکیشنل ڈیویلپمنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر صابر علی وزیری اور ڈپٹی ڈائریکٹر کیو ای سی غلام عباس بلتی نے کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 973397
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش