0
Thursday 13 Jan 2022 17:41

اپوزیشن لیڈر سندھ کا کراچی میں قیام امن کیلئے رینجرز آپریشن کا مطالبہ

اپوزیشن لیڈر سندھ کا کراچی میں قیام امن کیلئے رینجرز آپریشن کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے کراچی میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہر قائد میں بڑھتی ہوئی مجرمانہ سرگرمیوں کو روکنے کیلئے رینجرز کے ذریعے آپریشن کا مطالبہ کیا ہے، وہ دوران ڈکیتی مزاحمت پر گھر کے باہر ڈاکو کے ہاتھوں قتل ہونے والے نوجوان شاہ رخ سلیم کے لواحقین سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال میں امن و امان کے نفاذ اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کیلئے رینجرز کو مزید اختیارات دینا ناگزیر ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس امن و امان اور شہریوں کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور آئے دن بے گناہ لوگ جان سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ حکومت کی بدعنوانی، جانبداری اور محکمہ پولیس میں سیاسی مداخلت نے شہری قانون نافذ کرنے والے شہری ادارے کو غیر موثر اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر قابو سے باہر کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے پاس وزیر داخلہ کا قلمدان بھی ہے، جبکہ مرتضیٰ وہاب 6 سال سے محکمہ پراسیکیوشن کی نگرانی کر رہے ہیں اور انہیں صوبے کے عوام کے سامنے خود کو جوابدہ سمجھنا چاہیے، جہاں جرائم کی متعدد وارداتوں کے ساتھ ساتھ روزانہ 3 سے 4 شہریوں کی ہلاکت کے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا مراد شاہ کی سندھ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، جسے ادا کرنے میں وہ بری طرح ناکام ہو چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 973399
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش