0
Thursday 13 Jan 2022 21:01

مسلمانوں کیخلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، فاروق عبداللہ

مسلمانوں کیخلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، فاروق عبداللہ
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے سربراہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کہنا ہے کہ مختلف اجتماعات کے دوران نفرت آمیز تقاریر میں زہر اگلنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ہریدوار اتراکھنڈ میں 17 اور 19 دسمبر 2021ء کے درمیان کی گئی تقاریر کی نوعیت اور ملک بھر میں اس طرح کے دیگر اجتماعات میں نفرت انگیز تقاریر تشویشناک اور افسوسناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں اس طرح کی کھلم کھلا فتنہ انگیزی اور نسل کشی کی کالوں کا دوبارہ آنا انتہائی پریشان کُن اور لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی حلقوں میں مجرمانہ خاموشی ایک سوالیہ نشان کھڑا کرتی ہے اور اس خاموشی کی وضاحت ضرور ہونی چاہیئے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ ہندوستان کا Article 3C کے تحت Prevention and Punishment of the Crime of Genocide (CPPCG) کنونشن، جو واضح طور پر ”نسل کشی کے لئے براہ راست یا بالواسطہ عوام کو اکسانے“ کو مجرم قرار دیتا ہے، پر دستخط کنندہ ہونے کے ناطے ایسے گروپوں اور افراد کے خلاف سخت کارروائی کا پابند بناتا ہے جو مسلمانوں کی نسل کشی کی تقریریں کررہے ہیں۔

ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ اگر نسل کشی کنونشن کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی تو میں شکر گزار ہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ اس بارے میں فوری کارروائی کی ضرورت ہے ورنہ یہ نفرت پھیلانے والوں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ ماحول کو خراب کرے گا اور لازمی طور پر اقلیتوں کو مزید الگ تھلگ کرنے کا کام کرے گا، جو ہندوستان کے مفاد میں نہیں ہے۔ ڈاکٹر عبداللہ نے کہا کہ نفرت انگیز تقاریر کے یہ اجتماعات ہندوستانی قوانین کے تحت مختلف قسم کے جرائم کے زمرے میں آتے ہیں اور یہ قومی سالمیت اور امن کے مخالف ہیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ بھارت کے وزیراعظم کی خاموشی اور قانونی کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے ایسے نفرت پھیلانے والوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ حکومت اپنی فرضی بے علمی سے ان نفرت پھیلانے والوں کی حوصلہ افزائی کرنا بند کرے اور قانون کی حکمرانی قائم کرے۔ انہوں نے ساتھ ہی مطالبہ کیا کہ نفرت پھیلانے والے گروہوں اور افراد کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔
خبر کا کوڈ : 973413
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش