QR CodeQR Code

جموں و کشمیر میں اومیکرون کے مزید 10 کیس مثبت

13 Jan 2022 21:31

جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن موسوی نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کورونا کیسز میں ہورہے اضافے کے پیش نظر لوگوں سے کورونا پروٹوکال پر من و عن عمل کرنیکی تاکید کی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے امزید 10 مثبت معاملات درج ہوئے ہیں۔ حکومتی زرائع نے معاملات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں یوٹی کے مختلف علاقوں سے 10 اومیکرون کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ تمام علاقوں کی آر ٹی پی سی آر ٹیسٹنگ کا حکم دیا گیاہے۔ وہیں دوسری جانب کورونا وائرس کے مثبت معاملات میں مسلسل اضافے کے پیش نظر حکومت نے جموں و کشمیر کے  366 علاقے کنٹین منٹ زون بھی قرار دیے ہیں۔ اسی اثناء میں انتظامیہ نے پورے علاقوں کو سیل کر دیا ہے وہیں کنٹینمنٹ زونوں میں کویڈ جانچ میں تیزی لائی گئی ہے۔ کورونا وبا کی موجودہ تیز لہر کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے جہاں انتظامیہ انتہائی کمر بستہ و مستعد نظر آ رہی ہے، وہیں وادی کے علماء دین بھی لوگوں کو اس وباء سے محفوظ رہنے کے لئے ماہرین صحت و انتظامیہ کی طرف سے جاری کی جا رہی گائیڈ لائنز پر عمل پیرا ہونے کی تاکید کر رہے ہیں۔

جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن موسوی نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کورونا کیسز میں ہورہے اضافے کے پیش نظر لوگوں سے کورونا پروٹوکال پر من و عن عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ کورونا نے چند دنوں سے ایک بار پھر سر اٹھایا ہے اس سلسلے میں لوگوں سے التماس کرتا ہوں کہ وہ انتظامیہ اور ماہرین کی طرف سے وقتاً فوقتاً جاری کی جانے والی گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ دین اسلام میں صحت کو ہر دنیاوی چیز پر ترجیح ہے اور روزہ جو ایک واجب عمل ہے یہ واجب عمل بھی صحت ناساز ہونے کی صورت میں دوبارہ صحت مند ہونے تک موقوف ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہماری شرعی ذمہ داری بھی ہے کہ ہم احتیاط کریں اور مساجد میں ماسک اور دوسرے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کے بعد ہی جائیں۔ میرواعظ وسطی کشمیر مولانا سید عبدالطیف بخاری نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ اگر لوگوں نے انتظامیہ کے ساتھ تعاون نہیں کیا تو دوبارہ لاک ڈاؤن لاگو ہوسکتا ہے جس سے ہمارے بچوں کی تعلیم اور ہمارے کاروبار پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔


خبر کا کوڈ: 973414

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/973414/جموں-کشمیر-میں-اومیکرون-کے-مزید-10-کیس-مثبت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org