QR CodeQR Code

مسلم مخالف نفرت انگیز تقریر کیس میں وسیم رضوی گرفتار

13 Jan 2022 21:32

اتراکھنڈ پولیس نے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے، جس میں ایک خاص مذہب کیخلاف اشتعال انگیزی موجود ہے، اسلئے وسیم رضوی عرف جتیندر نارائن تیاگی اور دیگر کیخلاف دفعہ 153A کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ بھارتی ریاست اتراکھنڈ کی پولیس نے وسیم رضوی عرف جتیندر تیاگی کو ہریدوار "دھرم سنسد" نفرت انگیز تقریر کیس کے سلسلے میں نرسن بارڈر، روڑکی سے گرفتار کیا ہے۔ ہری دوار کے ایس پی سٹی سوتنتر کمار نے اس کی اطلاع دی ہے۔ خیال رہے کہ گذشتہ برس 23 دسمبر 2021ء کو اتراکھنڈ پولیس نے تیاگی اور دیگر ہندو انتہاء پسندوں کے خلاف ہریدوار میں مسلم مخالف ’’نفرت انگیز تقریر‘‘ کے معاملے میں مقدمہ درج کیا تھا۔ اتراکھنڈ پولیس نے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے، جس میں ایک خاص مذہب کے خلاف اشتعال انگیزی موجود ہے، اس لئے وسیم رضوی عرف جتیندر نارائن تیاگی اور دیگر کے خلاف دفعہ 153A کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

وسیم رضوی عرف جتیندر تیاگی کو جمعرات کو ہریدوار میں منعقدہ ’’دھرم سنسد‘‘ میں متنازعہ بیانات پر درج مقدمے میں گرفتار کر لیا گیا۔ ہریدوار کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سواتنتر کمار کی طرف سے دی گئی معلومات کے مطابق اتراکھنڈ پولیس نے شیعہ وقف بورڈ کے سابق چیئرمین وسیم رضوی کو گرفتار کیا ہے۔ اس معاملے میں ابھی تک کسی اور کی گرفتاری نہیں ہوئی ہے۔ شیعہ وقف بورڈ کے سابق صدر وسیم رضوی ایک عرصے سے اسلام کے خلاف تبصرہ کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں اسلام چھوڑ کر ہندو مذہب قبول کیا ہے۔ وسیم رضوی اسلام کے خلاف اپنی کتاب کی وجہ سے سرخیوں میں آئے تھے، بعد میں جتیندر نارائن سنگھ تیاگی کے نام سے مشہور ہوئے۔ انہی جتیندر تیاگی اور کچھ دوسرے لوگوں کے خلاف ہریدوار میں منعقدہ ایک مبینہ مذہبی پارلیمنٹ میں مسلمانوں کے خلاف زہریلے بیان دینے پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

اس معاملے میں آج ہریدوار پولیس نے اسے نرسن بارڈر پر حراست میں لیا، حراست میں لینے کے بعد پولیس وسیم رضوی کے ساتھ ہریدوار کوتوالی پہنچی۔ اس دھرم سنسد کا انعقاد 17 سے 19 دسمبر 2022ء تک کھرکھری میں واقع وید نکیتن میں کیا گیا تھا۔ مسلمانوں کے خلاف زہریلی تقریر کرنے کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد جتیندر نارائن تیاگی عرف وسیم رضوی اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ جوالا پور کے رہائشی گلبہار خان نے شیعہ وقف بورڈ کے سابق چیئرمین جتیندر نارائن تیاگی عرف وسیم رضوی کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا۔ بعد ازاں مقدمے میں چار سنتوں کے نام بھی شامل کیے گئے۔ گرفتاری کے بعد پولیس جتیندر سے ضروری پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ تفتیش مکمل ہونے کے بعد اسے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 973417

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/973417/مسلم-مخالف-نفرت-انگیز-تقریر-کیس-میں-وسیم-رضوی-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org