0
Thursday 13 Jan 2022 20:18

نعت خواں اصحاب رسولؓ کی سنت پر عمل پیرا طبقہ ہے، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

نعت خواں اصحاب رسولؓ کی سنت پر عمل پیرا طبقہ ہے، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری
اسلام ٹائمز۔ منہاج یونیورسٹی لاہور حسان بن ثابت نعت ریسرچ سنٹر کے زیراہتمام عالمی شہرت یافتہ نعت خوان خالد حسنین خالد مرحوم و دیگر رفتگان نعت کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منہاج یونیورسٹی لاہور کے بورڈ آف گورنرز کے ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ نعت خوان حضرات ثنا خوان مصطفی اصحاب رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت پر عمل پیرا رہنے والا طبقہ ہے۔ نعت، منقبت اور حمد پڑھنے کے پیچھے اگر اللہ اور اس کے رسول کی رضا ہوگی تو ایسے ثنا خوان مصطفی کا نام عزت کیساتھ زندہ رہے گا، فن نعت گوئی سے وابستہ حضرات اس بات کا خیال رکھیں کہ نعتیہ کلام اور اس کی طرزیں بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ادب کے شایان شان ہونی چاہئیں، پاپولر ٹرینڈز اور مشہور ہونے کی دوڑ بے ادب نہ بنا دے۔

انہوں نے کہا کہ نعتیہ کلام پاکیزہ سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے مزین و مرصع ہونا چاہیے۔ نعتیہ کلام میں محبت اور شفقت کی مصطفوی فکر غالب نظر آنی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ منہاج یونیورسٹی لاہور حسان بن ثابت ؓ نعت ریسرچ سنٹر فن نعت گوئی کے میدان میں نوجوانوں کیلئے تعلیم و تربیت کا مرکز بنے گا۔انہوں نے خالد حسنین خالد کی منظوم خدمت سیرت النبی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ تعزیتی ریفرنس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک سجادہ نشین خواجہ غلام قطب الدین فریدی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خالد حسنین خالد نامور مداح رسول تھے، وہ بڑا پختہ کلام پڑھتے تھے اور ان کے کلام کا ہر حرف دل میں اتر جاتا تھا، حسان بن ثابت نعت ریسرچ سنٹر قائم کرنے پر انہوں نے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کو مبارکباد دی۔

کلمات استقبالیہ پیش کرتے ہوئے حسان بن ثابتؓ نعت ریسرچ سنٹر کے ڈائریکٹر اور ڈین لینگویجز ڈاکٹر فخر الدین نوری نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نام کو زندہ رکھنے والوں کے نام اللہ زندہ رکھتا ہے، منہاج یونیورسٹی لاہور کا شعبہ حسان بن ثابت نعت ریسرچ سنٹر نعت پر تحقیق کیساتھ ساتھ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی منظوم اور مترنم خدمت انجام دینے والوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتا رہے گا۔ صاحبزادہ تسلیم احمد صابری نے کہا کہ خالد حسنین خالد نے فن نعت گوئی کو بام کمال تک پہنچایا، وہ انتہائی وضع دار اور مودب شخصیت کے مالک تھے۔ انہوں نے نوجوان نسل کو نعت جیسے مقدس عمل کے رموز و اسرار سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی براہ راست سرپرستی میں تشکیل پانے والا اپنی نوعیت کا یہ منفرد نعت ریسرچ سنٹر نعت اور نعت خوانین کی خدمات کے اعتراف کا علمی و فکری مرکز بن چکا ہے۔
خبر کا کوڈ : 973423
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش