QR CodeQR Code

سندھ میں کالا بلدیاتی قانون، اتوار کو شاہراہ فیصل بلاک کردیا جائے گا، حافظ نعیم الرحمن کا اعلان

13 Jan 2022 22:04

دھرنے کے چودہویں روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ ہم وڈیروں کے آگے مزاحمت کریں گے اپنے بچوں کا مستقبل ان کے ہاتھوں میں نہیں چھوڑیں گے، جماعت اسلامی کراچی کو وڈیروں اور جاگیرداروں کے قبضے سے بچائے گی۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ اسمبلی باہر دھرنے میں شہر بھر سے خواتین کی شرکت و جوش و خروش میں مسلسل اضافے نے احتجاج کو ایک نیا جذبہ فراہم کردیا ہے، گزشتہ روز بھی شہر کے مختلف علاقوں سے خواتین بچوں کے ہمراہ دھرنے میں اظہار یکجہتی کے لئے پہنچیں، دھرنے میں مختلف سیاسی، سماجی و دیگر پارٹیوں سمیت مختلف وفود نے شرکت کی۔ ضلع جنوبی سے آنے والے قافلے لیاری کے مختلف مقامات، عثمان آباد، دھوبی گارڈ، گارڈن، فریسکو چوک، ریگل چوک پر دھرنا دیتے ہوئے اسمبلی پہنچے۔ دھرنے سے امیر ضلع جنوبی و رکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید و دیگر نے خطاب کیا۔ رات گئے برنس روڈ پر بھی عوام اور کارکنان نے حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں احتجاجی مارچ کیا۔ صوبائی وزیر سعید غنی خاصخیلی کے متنازع ریمارکس پر دھرنے کے شرکاء میں مسلسل اشتعال دیکھنے میں آیا تاہم حافظ نعیم الرحمن نے شرکاء کو پر امن رہنے کی تلقین کی۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے دھرنے کے چودہویں روز خواتین سیشن اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کی ہدایت پر مذاکرات کا وعدہ کرکے جانے والے اور وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کی سربراہی میں مذاکراتی کمیٹی 4 دن سے مفرور ہے، اتوار کے دن شاہراہ فیصل پر 3 بجے مکمل بلاک کیا جائے گا، کراچی کے تمام اضلاع سے ریلیاں نکالی جائیں گی اور شاہراہ فیصل پر انسانوں کے سر ہی سر ہوں گے، ہم وڈیروں کے آگے مزاحمت کریں گے اپنے بچوں کا مستقبل ان کے ہاتھوں میں نہیں چھوڑیں گے، جماعت اسلامی کراچی کو وڈیروں اور جاگیرداروں کے قبضے سے بچائے گی، ہماری مائیں بہنیں بھی مضبوط اعصاب کے ساتھ دھرنے میں موجود ہیں، سندھ اسمبلی کے سامنے مرکزی دھرنا جاری ہے جبکہ شہر کے مختلف مقامات پر دھرنے دیئے جارہے ہیں، سندھ اسمبلی میں بیٹھے ہوئے ممبران کہتے ہیں کہ ہماری اکثریت ہے، کراچی کا ہر فرد جانتا ہے کہ پیپلز پارٹی کی اندرون سندھ میں اکثریت طاقت کے بل بوتے پر حاصل کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دیہی وڈیرے ہاری اور کسانوں کا استحصال کرکے اب کراچی پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں، سندھ اسمبلی میں بیٹھے ہوئے وڈیرے شہریوں کے شناختی کارڈ بنوا کر نہیں دے سکے، بلدیاتی اداروں پر صوبائی حکومت کے قبضے کا مقصد من پسند بھرتیاں کرنا ہے، بلدیاتی اداروں میں شہر کے نوجوانوں کی ملازمتوں کے دروازے بند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم صاحب ہمیں خیرات میں چند بسیں نہیں بلکہ ٹرانسپورٹ کا پورا نظام چاہیئے، پاکستان میں جتنا بھی ترقیاتی کام ہوتا ہے اس میں 50 فیصد حصہ کراچی کا ہوتا ہے، جماعت اسلامی نے شہر کو تعمیر کیا ہے، ترقی دی ہے اور اس کو روشن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے کچھ وزراء مذاکرات کے عمل کو خراب کررہے ہیں، کیا پیپلز پارٹی کی قیادت ان کی حرکتوں سے واقف ہے؟، کیا یہ الزامات قیادت کی ایماء پر دے رہے ہیں؟۔


خبر کا کوڈ: 973441

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/973441/سندھ-میں-کالا-بلدیاتی-قانون-اتوار-کو-شاہراہ-فیصل-بلاک-کردیا-جائے-گا-حافظ-نعیم-الرحمن-کا-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org