QR CodeQR Code

تحریک انصاف جلد دھڑوں میں تقسیم ہوکر راہ فرار اختیار کریگی، عاجز دھامراہ

14 Jan 2022 18:02

کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پی پی رہنما نے کہا کہ لانگ مارچ میں پیپلز پارٹی کے کارکنان سمیت غربت کی چکی تلے پھسی ہوئی عوام اور سول سوسائٹی کے لوگ بھی شامل ہوں گے، اگر سندھ پنجاب باڈر پر لانگ مارچ کو روکا گیا تو نتائج کے ذمہ دار خود حکمران ہوں گے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات عاجز دھامراہ نے کہا ہے کہ 27 فروری کو پیپلز پارٹی کا عوامی لانگ مارچ نااہل اور سلیکٹڈ حکمرانوں کی رخصتی کا سبب بنے گا، اگر اس مارچ کو روکنے کی کوشش کی گئی تو دمادم مست قلندر ہوگا، سندھ کا بلدیاتی نظام عوامی امنگوں کے مطابق ہے ایم کیو ایم، جی ڈی اے، تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور پی ایس پی کو مناظرے کا چیلنج کرتا ہوں وہ اس نظام کو غلط ثابت کریں، یہ تمام جماعتیں سیاسی طور پر ناکام ہوچکی ہیں، آئندہ کراچی کا میئر پیپلز پارٹی کا ہوگا، تحریک انصاف میں آواز آنا شروع ہوگئیں ہیں، جلد یہ دھڑوں میں تقسیم ہوجائے گی اور ان کے سرکردہ راہ فرار اختیار کرنے لگے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس میں کیا۔ اس موقع پر پی پی رکن سندھ اسمبلی سعدیہ جاوید، سیکریٹری اطلاعات ضلع شرقی وقاص شوکت اور میر عباس تالپور بھی موجود تھیں۔

عاجز دھامراہ نے کہا کہ کل پارلیمنٹ میں ایک منی بجٹ پاس ہوا، ان مسخروں نے پارلیمنٹ کی بے توقیری کی ہے، یہ وہ پارلیمنٹ ہے جس نے 1973ء میں متفقہ آئین دیا۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے 18ویں ترمیم پاس کرا کے آمروں کا راستہ روکا تھا، ان مسخروں نے کل اپوزیشن کی تمام ترمیموں کو مسترد کیا ہے۔ بلاول بھٹو نے تجویز دی اس کو جس طرح بلڈوز کیا گیا وہ غیر جمہوری عمل ہے۔ فواد چوہدری کو ڈبو کہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کل وہ کہہ رہے تھے کہ اپوزیشن کو پھر شکست ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری خوش ہورہے ہیں، وزیراعظم سلیکٹڈ خوش ہورہے ہیں بجٹ پاس ہوگیا ہے، میں کہتا ہوں ان ظالموں نے عوام پر معاشی آئٹم بم گرایا جس سے مہنگائی کا طوفان آئے گا اور عوام کو ایک وقت کی بھی روٹی میسر نہیں ہوگی، یہ دراصل بل کی منظوری کی خوشی نہیں بلکہ عوام کو تباہ کرنے کی خوشی منا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کا درد صرف اور صرف پیپلز پارٹی محسوس کررہی ہے، پاکستان میں بسنے والی تمام قوموں کی نمائندہ اور حقیقی جماعت پیپلز پارٹی ہے، پیپلز پارٹی عوام کو ان کا حق دلانے کے لئے قائداعظم کے مزار سے لانگ مارچ بلاول بھٹو کی قیادت میں شروع کرے گی، ہمارا صوبائی سطح پر اجلاس ہوا ہے، مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں، سندھ سے جب قافلہ پنجاب میں داخل ہوگا اگر کسی کے دماغ میں کچھ ہے تو وہ اس کو نکال دے، لانگ مارچ میں لاکھوں لوگ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں اسلام آباد کی جانب مارچ کریں گے، لانگ مارچ میں پیپلز پارٹی کے کارکنان سمیت غربت کی چکی تلے پھسی ہوئی عوام اور سول سوسائٹی کے لوگ بھی شامل ہوں گے، اگر سندھ پنجاب باڈر پر لانگ مارچ کو روکا گیا تو نتائج کے ذمہ دار خود حکمران ہوں گے۔ عاجز دھامراہ نے کہا کہ لانگ مارچ میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے روکا گیا تو دمادم مست قلندر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام کی مخالف کرنے والی جماعتوں نے عوام دشمن بجٹ کی حمایت کی ہے۔

عاجز دھامراہ نے کہا کہ متحدہ کے لوگ وزارتوں کے لئے کراچی حیدرآباد کے لوگوں کے حقوق کیخلاف فیصلہ دیا، ایم کیو ایم اور جی ڈی اے والے ڈوبی ہوئی پی ٹی آئی کی کشتی میں بیٹھ گئے ہیں، ایم کیو ایم کس طرح کراچی کی عوام کے سامنے آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات منتقل کئے ہیں، میں سندھ کے بلدیاتی بل پر ایم کیو ایم، تحریک انصاف، جماعت اسلامی، جی ڈی اے اور پی ایس پی کو مناظرے کا چیلنج کرتا ہوں، وہ اس نظام کی خرابیوں پر بات کرلیں، وہ ہم سے بات نہیں کرسکتے، آئندہ بلدیاتی انتخابات میں ان جماعتوں کو شکست ہوگی۔ عاجزدھامراہ نے کہا کہ اب پی ٹی آئی کے اندر سے آوازیں آرہی ہیں، وزیراعظم کو اجلاس چھوڑ کر جانا پڑے رہا ہے، جلد پی ٹی آئی دھڑوں میں تقسیم ہوجائے گی، اس نااہل حکومت سے عوام کو نجات بلاول بھٹو زرداری دلائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 973552

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/973552/تحریک-انصاف-جلد-دھڑوں-میں-تقسیم-ہوکر-راہ-فرار-اختیار-کریگی-عاجز-دھامراہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org