QR CodeQR Code

جنوبی پنجاب پاکستان کا 70 فیصد زرعی خطہ لیکن افسوس کہ تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے، سلیم شہزاد

15 Jan 2022 01:02

ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی پی پی ملتان کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ خوشحال کسان آج بدحالی کے روپ میں سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبور ہے، لیکن نہ وفاقی حکومت اور نہ ہی صوبائی حکومت زراعت کے شعبہ میں بہتری لانے اور کسان دوست پالیسیاں بنانے میں سنجیدہ نظر آرہی ہے، یہی وجہ ہے کہ آج کھاد اور بیج نایاب ہے اور انکی قیمتیں آسمانوں تک جا پہنچی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی ملتان ڈویژن کے نائب صدر سلیم شہزاد نے اعلان کیا ہے کہ حکومت نے کسان کش پالیسیاں ختم نہ کیں تو جیالے کارکنوں کے جگہ جگہ کفن پوش احتجاجی دھرنے ہوں گے، قائد بلاول بھٹو زرداری کی کسان کش پالیسیوں کے خلاف ٹریکٹر ٹرالی احتجاج میں جیالے کارکنوں کا کفن پوش قافلہ شرکت کرے گا، منی بجٹ عوام کش بجٹ ہے، جس کی وجہ سے مزید مہنگائی کا طوفان آئے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواں شہر میں پارٹی رہنماوں چوہدری یسٰین، ملک ریاض، امین ساجد، شفقت رضا کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب پاکستان کا 70 فیصد زرعی خطہ ہے لیکن افسوس کہ موجودہ حکمرانوں نے اپنی جاہلانہ پالیسیوں کی وجہ سے زرعی شعبے کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے، جس کی وجہ سے زراعت تباہ و برباد ہو کر رہ گئی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ خوشحال کسان آج بدحالی کے روپ میں سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبور ہے، لیکن نہ وفاقی حکومت اور نہ ہی صوبائی حکومت زراعت کے شعبہ میں بہتری لانے اور کسان دوست پالیسیاں بنانے میں سنجیدہ نظر آرہی ہے، یہی وجہ ہے کہ آج کھاد اور بیج نایاب ہے اور ان کی قیمتیں آسمانوں تک جا پہنچی ہیں، رہی سہی کسر بجلی، ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں میں آئے روز اضافے نے پوری کر دی ہے، حالانکہ دنیا بھر میں زرعی شعبہ کی ترقی اور کسان دوست پالیسیاں بنائی جاتی ہیں لیکن یہاں صورتحال برعکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد بلاول بھٹو زرداری اور دیگر قائدین کی قیادت میں کسانوں اور غریب عوام کے حقوق کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔


خبر کا کوڈ: 973621

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/973621/جنوبی-پنجاب-پاکستان-کا-70-فیصد-زرعی-خطہ-لیکن-افسوس-کہ-تباہی-کے-دہانے-پر-کھڑا-ہے-سلیم-شہزاد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org