0
Saturday 15 Jan 2022 14:31

ایرانی قونصل جنرل کی وزیر ثقافت سندھ سے ملاقات، سیاحتی و ثقافتی مشترکہ اقدامات پر گفتگو

ایرانی قونصل جنرل کی وزیر ثقافت سندھ سے ملاقات، سیاحتی و ثقافتی مشترکہ اقدامات پر گفتگو
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں تعینات ایرانی قونصل جنرل حسن نورین نے وزیر تعلیم و ثقافت سندھ سید سردار علی شاہ سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے سندھ اور ایران کے مابین مختلف شعبہ جات میں مل کر کام کرنے کے مواقع سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر ایرانی قونصل جنرل حسن نورین نے وزیر تعلیم و ثقافت سندھ سید سردار علی شاہ کو جمہوری اسلامی ایران کے دارالحکومت تہران میں منعقد ہونے والے عالمی سیاحتی نمائش میں شرکت کرنے کی دعوت دی، جو صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ نے کھلے دل سے قبول کی۔ ملاقات میں وزیر تعلیم و ثقافت سندھ سید سردار علی شاہ نے کہا کہ ایران اور سندھ کے مابین کلچرل ایکسچینج پروگرام ہونے چاہیں اور سندھ کے فنکار ایران میں اور ایرانی فنکار سندھ میں پُرفارم کریں، جنہیں متعلقہ محکموں کی طرف سے تمام تر تعاون فراہم کیا جائے۔ وزیر تعلیم و ثقافت سندھ نے ایرانی قونصل جنرل کو بتایا کہ محکمہ ثقافت سندھ نے حال ہی میں شاہ عبداللطیف بھٹائی کی شاعری کا فارسی میں ترجمہ شایع کروایا ہے، جس پر ایرانی قونصل جنرل نے خوشی کا اظہار کیا۔

وزیر تعلیم و ثقافت سندھ سید سردار علی شاہ نے کہا کہ ایران اور سندھ کے مابین قدیم تاریخی و ثقافتی تعلقات ہیں اور فارسی 800 سال تک سندھ کی سرکاری زبان رہی ہے۔ بعد ازاں وزیر ثقافت سید سردار علی شاہ نے ایرانی قونصل جنرل حسن نوریان کو شاہ عبداللطیف بھٹائی کی شاعری کا فارسی ترجمہ پیش کیا، ایرانی قونصل جنرل نے بھٹائی کی شاعری فارسی زبان میں پڑھ کر خوشی کا اظہار کیا۔ ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ فارسی ترجمہ پڑھ کر ایرانی ادیب و شعراء کو سندھ کو بہتر طور پر سمجھنے میں آسانی ہوگی اور اسی طرح عوامی سطح پر دو طرفہ تعلقات کو فروغ ملے گا، سندھ کے سیاحتی وفود کو ہم دل سے خوش آمدید کرینگے۔ ملاقات میں سیکریٹری ثقافت عبدالرحیم سومرو اور ایرانی اکانامک اتاشی ہادی گلریز بھی شریک تھے۔ ملاقات کے دوران وزیر ثقافت سندھ سید سردار علی شاہ نے ایرانی وفد کو اجرک و کتب کے تحائف بھی پیش کیے۔
خبر کا کوڈ : 973700
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش