QR CodeQR Code

بلاول بھٹو کی زیر صدارت گلگت بلتستان ایگزیکٹیوز کا اجلاس، لانگ مارچ کی تیاریوں کا جائزہ

15 Jan 2022 18:40

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ ملک کے عام آدمی کی آواز ہے، ملک بھر کے عوام 27 فروری کو نکلیں گے اور عمران خان کی حکومت کے خلاف اپنا فیصلہ سنائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں گلگت بلتستان ایگزیکٹوز کا زرداری ہاؤس اسلام آباد میں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو گلگت بلتستان کے پی پی پی عہدیداران نے خطے کی سیاسی صورت حال سے آگاہ کیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں پی پی پی جی بی کے عہدیداران کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور فیڈرل کونسل کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ بلاول بھٹو زرداری کو پی پی پی گلگت بلتستان کے عہدیداران نے لانگ مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ ملک کے عام آدمی کی آواز ہے، ملک بھر کے عوام 27 فروری کو نکلیں گے اور عمران خان کی حکومت کے خلاف اپنا فیصلہ سنائیں گے۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا مزید کہنا تھا کہ عوام کو ایسی حکومت نہیں چاہئیے جو ان کے گھروں کے چولہے تک بجھا دے۔ عوام کمر کس لیں، مہنگائی اور بے روزگاری کی ذمہ دار سرکار کے خلاف اب کھلی مزاحمت ہوگی۔ اجلاس میں پی پی جی بی کے صوبائی صدر امجد حسین ایڈووکیٹ، سابق وزیر اعلیٰ سید مہدی شاہ،  محمد موسٰی گلگتی، عمران ندیم، بشیر احمد، ایوب شاہ، سید پیر جلال شاہ، محمد علی شاہ، غفار خان، حاجی دلبر خان، مرزا حسین، ڈاکٹر علی مدد شیر، ڈاکٹر مظفر ریلے، شہزاد آغا، اقبال رسول، حاجت علی، حسین علی رانا و دیگر شریک ہوئے۔


خبر کا کوڈ: 973755

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/973755/بلاول-بھٹو-کی-زیر-صدارت-گلگت-بلتستان-ایگزیکٹیوز-کا-اجلاس-لانگ-مارچ-تیاریوں-جائزہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org