0
Saturday 15 Jan 2022 20:30

سندھ کے بلدیاتی قانون کیخلاف احتجاج، ایم کیو ایم پاکستان کا دھرنے کا اعلان

سندھ کے بلدیاتی قانون کیخلاف احتجاج، ایم کیو ایم پاکستان کا دھرنے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ ایم کیو ایم پاکستان نے بھی سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم کیخلاف دھرنے کا اعلان کردیا۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کہتے ہیں کہ وزیراعلیٰ ہاؤس یہاں سے دور نہیں، اب تم (پیپلز پارٹی) سے صرف بل واپس نہیں کروانا بلکہ سندھ بھی واپس لینا ہے۔ حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ صرف یہ قانون ہی نہیں سندھ کے حکمرانوں کا منہ بھی کالا ہے، لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانیں گے۔ عامر خان نے کہا کہ جعلی اکثریت کی بنیاد پر آپ کی من مانیاں نہیں ہونے دیں گے، اس قانون کو واپس کروا کر دم لیں گے، جتنی طاقت استعمال کرلیں یہ قافلہ نہیں رکے گا۔ کراچی پریس کلب پر ایم کیو ایم پاکستان، پاکستان تحریک انصاف اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم کیخلاف بھرپور احتجاج کیا، اس موقع پر اپوزیشن کی سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی وہاں پہنچی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان نے بھی سندھ بلدیاتی نظام کیخلاف احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ اپنی طاقت سے ہماری ریلیوں کو روکا گیا، جتنی طاقت استعمال کرلیں یہ قافلہ نہیں رکے گا، یہیں بیٹھیں گے، ہم بھی دھرنا دیں گے، اس قانون کو واپس کرواکر دم لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جعلی اکثریت کی بنیاد پر آپ کی من مانیاں نہیں ہونے دیں گے، آدھی زندگی جیلوں میں گزار دی، گرفتاریوں کا خوف نہیں، تمہیں بھاگنے نہیں دیں گے، حکمرانوں نے کہا یہ جاہل اور ان پڑھ ہیں، سندھ میں غاصبوں کا ٹولہ مسلط ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اب بل واپس نہیں کروانا، سندھ واپس لینا ہے، ابھی جانا نہیں، حکومت کو گھر بھیج کر جانا ہے، یہ شہر پاکستان کا 70 فیصد دیتا ہے، آج سندھ حکومت کو دوسرا نوٹس دینے آئے ہیں، اگلی بار بل واپس نہ ہوا تو انکا گھیراؤ کرکے واپس کروایا جائے گا۔ ایم کیو ایم کنوینر نے کہا کہ وزیراعلیٰ ہاؤس یہاں سے دور نہیں، تم سے بل، وزیراعلیٰ ہاؤس اور سندھ واپس لیں گے، 14 سال سے کراچی میں کوئی ترقی نہیں ہوئی۔
خبر کا کوڈ : 973775
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش