QR CodeQR Code

اُمت کے مسائل کا حل بیداری میں ہے، علامہ سید جواد نقوی

15 Jan 2022 20:53

لاہور میں جے یو پی کے زیراہتمام اجلاس سے خطاب میں تحریک بیداری کے سربراہ کا کہنا تھا کہ امام خمینی نے طریقت کے راستے میں سیاست اختیار کی اور دونوں منزلیں طے کیں۔ سیاست میں کامیاب ہوئے اور تصوف میں بھی۔ انہوں ںے کہا کہ آج پاکستان کیخلاف سب کچھ ہو رہا ہے، وزیراعظم نے خود اعتراف کیا ہے کہ آئی ایم ایف مجبوری تھی، آئی ایم ایف کی شرائط سے ہماری ملکی سلامتی متاثر ہوئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے "بیداری امت نمائندہ اجلاس" سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تصوف میں پہلی منزل یکضا ہے، سلوک الی اللہ کیلئے سالک پہلا قدم کیا اٹھاتا ہے، بندگی کا آغاز کہاں سے ہوتا ہے، مدرسوں والے آغاز نہیں بتاتے، مگر بزرگان تصوف تمام منازل بتاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض صوفیاء نے سات منزلیں اور بعض نے سو منزلیں بتائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلی منزل بیدار ہونا ہے، کوئی مرشد ایسا نہیں جو بیداری کے بغیر سالک کو منزل تک پہنچا دے، پہلا کام ہی بیداری ہے۔ علامہ جواد نقوی نے کہا کہ بت شکنی سے حضرت ابراہیم علیہ السلام نے بیداری پیدا کی۔ جب انسان بیدار ہو جائے تو منزل آسان ہو جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امام خمینی نے طریقت کے راستے میں سیاست اختیار کی اور دونوں منزلیں طے کیں۔ سیاست میں کامیاب ہوئے اور تصوف میں بھی۔ انہوں ںے کہا کہ آج پاکستان کیخلاف سب کچھ ہو رہا ہے، وزیراعظم نے خود اعتراف کیا ہے کہ آئی ایم ایف مجبوری تھی، آئی ایم ایف کی شرائط سے ہماری ملکی سلامتی متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایٹمی طاقت کو معاشی اعتبار سے دیوالیہ بنایا جا رہا ہے، اس کا مقصد ہماری ایٹمی ٹیکنالوجی کو اپنے ہاتھوں میں لینا ہے، جبکہ ہمارا گرین پاسپورٹ نچلی سطح پر پانچویں نمبر پر ہے، مہنگائی نے سانس بند کی ہوئی ہے، ملک میں مذہبی صورتحال بھی خطرناک ہے، یہ فرقے، فرقے نہیں پیٹرول پمپ ہیں، جو کسی بھی وقت پھٹ سکتے ہیں۔

علامہ جواد نقوی کا کہنا تھا کہ مسائل حل کیوں نہیں ہوتے، وجہ یہی ہے کہ قوم سو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انبیاء کو سب سے پہلے مبعوث کیا گیا، یہ مبعوث بیداری ہے، جب امت بیدار ہوئی تو ناممکن کو ممکن بنا دیا۔ انڈیا میں خوابیدہ مسلم امت کی یہ صورتحال ہے کہ ان کی عورتوں کو فروخت کرنے کیلئے انٹرنیٹ پر لگا دیا گیا ہے، بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے اکابرین کو چن چن کر نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک قاتل آئے اور سو آدمی سو رہے ہوں، تو ایک آدمی سو آدمیوں پر غالب ہوتا ہے۔ جے یو پی نے آج بیداری کو عنوان رکھا ہے، وہ لائق تحسین ہے۔ علامہ جواد نقوی نے کہا کہ کوریجہ صاحب نے کہا تقریروں سے کچھ نہیں ہوتا، لیکن ہم کہیں گے تقریروں سے بہت کچھ ہوتا ہے، نفرت تقریروں کے ذریعے ہی پھیلائی جاتی ہے۔ انہوں نے جے یو پی کے رہنماوں سے کہا کہ بیداری کے اس سفر میں ہم آپ کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔


خبر کا کوڈ: 973778

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/973778/ا-مت-کے-مسائل-کا-حل-بیداری-میں-ہے-علامہ-سید-جواد-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org