QR CodeQR Code

کوئٹہ، پی ایم سی کی ٹیم رواں ماہ بلوچستان کے مختلف ہسپتالوں کا دورہ کریگی

15 Jan 2022 21:03

اپنے ایک بیان میں بلوچستان کے ہیلتھ سیکرٹری نور الحق بلوچ نے کہا ہے کہ انہوں نے بلوچستان کے 15 ہسپتالوں کو پوسٹ گریجویٹ کا درجہ دینے کیلیے پی ایم سی کو انسپیکشن کی دعوت دی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سیکرٹری صحت بلوچستان نور الحق بلوچ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میڈیکل کمیشن بلوچستان کے 15 ہسپتالوں کی پوسٹ گریجویٹ انسپیکشن کرنے جارہی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ محکمہ صحت حکومت بلوچستان کی جانب سے طب کے شعبے میں اصلاحات لانے اور اسے دور دراز علاقوں میں وسعت دینے کے لئے خصوصی پالیسی کے تحت بلوچستان کے 15 ہسپتالوں کو پوسٹ گریجویٹ کا درجہ دینے کے لیے پاکستان میڈیکل کمیشن کو انسپیکشن کی دعوت دی ہے۔ پاکستان میڈیکل کمیشن کی جانب سے انسپیکشن کا آغاز جنوری کے تیسرے ہفتے کو ہوگا۔ بلوچستان کے جن ہسپتالوں کا انسپیکشن ہونے جارہا ہے، ان میں ژوب، چمن، پنجگور، لورالائی، تربت، خضدار اور حب کے ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال  شامل ہیں۔

نورالحق بلوچ نے مزید کہا کہ کوئٹہ میں سینار ہسپتال، انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ، انسٹیٹیوٹ آف سائیکٹری، انسٹیٹیوٹ آف چیسٹ، انسٹیٹیوٹ آف آئی، انسٹیٹیوٹ آف نیفرولوجی اینڈ یورولوجی اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ہسپتال کا بھی انسپیکشن کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پوسٹ گریجویٹ ہسپتال کا درجہ ملنے کے بعد ان ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی تعداد میں نہ صرف اضافہ ہوگا، بلکہ پوسٹ گریجویٹ اور ہاؤس آفیسر ڈاکٹرز کی مزید آسامیاں بھی پیدا ہونگی۔ جس سے بلوچستان بھر میں ڈاکٹرز پوسٹ گریجویٹ کی ٹریننگ حاصل کرسکیں گے۔ کوئٹہ کے علاوہ اپنے نزدیکی ہسپتالوں میں طب کی جدید سہولیات میسر ہونگی۔ جس سے انہیں کوئٹہ میں آنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی اور کوٸٹہ کے ہسپتالوں کا بوجھ بھی کم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت نے میڈیکل کے تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں کی ریجسٹریشن کے لئے گزشتہ سال جنوری میں ہنگامی اقدامات اٹھائے تھے۔ جس کی بدولت پہلے مرحلے میں بلوچستان کے تین نئے میڈیکل کالجز مکران، جھالوان اور لورالائی میڈیکل کالجز کو پاکستان میڈیکل کمیشن نے رجسٹر کردیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 973786

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/973786/کوئٹہ-پی-ایم-سی-کی-ٹیم-رواں-ماہ-بلوچستان-کے-مختلف-ہسپتالوں-کا-دورہ-کریگی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org