QR CodeQR Code

غاصب و قابض صیہونی رژیم کیخلاف فلسطینی قوم کی مزاحمتی تحریک اختتام ناپذیر ہے، عبداللطیف القانوع

15 Jan 2022 21:44

میڈیا کیساتھ گفتگو میں 1948ء کی مقبوضہ فلسطینی اراضی میں واقع صحرائے النقب کے قدیم فلسطینی مکینوں کے احتجاج اور غاصب صیہونی رژیم کیجانب سے ان کیخلاف طاقت کے اندھے استعمال پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان نے تاکید کی ہے کہ النقب کے مکینوں کی مزاحمت اس سیف القدس کی تاثیر ہے جو ابھی نیام میں واپس نہیں گئی


اسلام ٹائمز۔ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے 1948ء کے مقبوضہ فلسطینی علاقے میں شامل صحرائے النقب سے قدیم فلسطینی باشندوں کے نکال باہر کر دیئے جانے کے مذموم صیہونی اقدام پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ غاصب صیہونی رژیم کے ناجائز قبضے کے خلاف فلسطینی قوم کی مزاحمت کی کوئی حد نہیں۔ عرب چینل المیادین کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے حماس کے ترجمان عبداللطیف القانوع نے غاصب و قابض صیہونی رژیم کے خلاف فلسطینی قوم کی مزاحمت کے تسلسل پر تاکید کی اور زور دیتے ہوئے کہا کہ ہماری قوم پورے فلسطین حتی ہر ہر فلسطینی شہر میں غاصب صیہونی رژیم کے خلاف اختتام ناپذیر مزاحمتی جدوجہد میں مصروف ہے۔

عبداللطیف القانوع کا کہنا تھا کہ صحرائے النقب کے مکینوں کی مزاحمت اس سیف القدس کے اثرات میں سے ایک ہے جسے تاحال نیام میں نہیں ڈالا گیا۔ انہوں نے غاصب و قابض صیہونی رژیم کے خلاف مزاحمت میں صحرائے النقب کے مکینوں کی بھرپور حمایت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہماری قوم جس جدوجہد میں قدم بڑھاتی ہے، ایک نیا دفاعی توازن برقرار کر دیتی ہے بالکل ویسے ہی کہ جیسے فلسطینی قیدی مزاحمتی داستانیں رقم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی مزاحمتی محاذ آج ایک نیا دفاعی توازن برقرار کر کے غاصب صیہونی رژیم کے جھوٹے رعب و دبدبے کو چکناچور کر دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے جو اس کے گھناؤنے اقدامات کا مناسب وقت پر دندان شکن جواب بھی دے گا۔ عبداللطیف القانوع نے اپنی گفتگو کے آخر میں کہا کہ قابض قوتوں کو اپنی سرزمین سے نکال باہر کرنے سے قبل فلسطینی انقلاب و جدید انتفاضہ ہرگز نہیں رکے گا!


خبر کا کوڈ: 973801

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/973801/غاصب-قابض-صیہونی-رژیم-کیخلاف-فلسطینی-قوم-کی-مزاحمتی-تحریک-اختتام-ناپذیر-ہے-عبداللطیف-القانوع

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org