QR CodeQR Code

حزب اللہ لبنان امریکہ اور اس کے پٹھو عناصر کے خلاف ڈٹی رہے گی، شیخ نعیم قاسم

16 Jan 2022 00:56

حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری نے امریکہ کے ظالمانہ محاصرے، کرپشن، گذشتہ تیس سال سے زیادہ جاری اقتصادی اور مالی پالیسیوں اور اسٹیٹ بینک کے گورنر کے اقدامات کو ملک میں موجود اقتصادی اور سماجی بحران کے حقیقی اسباب قرار دیا۔


اسلام ٹائمز۔ مہر نیوز ایجنسی کے مطابق حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے ملک کو درپیش حالیہ بحرانوں کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس صورتحال کا حقیقی سبب امریکہ کی جانب سے جاری ظالمانہ محاصرہ، ملک میں موجود کرپشن، گذشتہ تیس برس سے جالی مالی پالیسیاں اور اسٹیٹ بینک کے گورنر کے غلط اقدامات ہیں۔ وہ حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کی ولادت کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا: "ان چار اسباب کے ساتھ ساتھ دیگر وجوہات نے ملک کو موجودہ صورتحال تک پہنچایا ہے۔ اس بحران سے نکلنے کیلئے ان اسباب پر توجہ دیے بغیر اور امریکہ کے ظالمانہ محاصرے کو ختم کئے بغیر کوئی راہ حل مفید ثابت نہیں ہو سکتا۔" شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ ہم نے ایران سے ڈیزل منگوا کر اور شام کے راستے اردن اور مصر سے بجلی حاصل کر کے امریکہ کے ظالمانہ محاصرے کا مقابلہ کیا ہے۔
 
حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے کہا: "امریکہ لبنان میں حزب اللہ کو کامیاب ہوتا نہیں دیکھ سکتا لہذا وہ اپنا محاصرہ خود ہی توڑنے پر مجبور ہو گیا ہے۔ لبنانی عوام اس حقیقت کو بھانپ چکی ہے کہ لبنان کا محاصرہ کرنے والا امریکہ ہے اور اگر ہم درست انداز میں عمل کریں تو وہ اپنا محاصرہ جاری نہیں رکھ پائے گا"۔ شیخ نعیم قاسم نے امریکی سفارت خانے میں کام کرنے والے عناصر اور امریکی ایماء پر کام کرنے والی پرائیویٹ انجمنوں کے اراکین کو مخاطب قرار دے کر کہا: "لبنان کی پرائیویٹ انجمنوں کے امریکہ سے تعلقات، امریکہ سے فنڈز حاصل کرنے اور امریکی مفادات کیلئے سرگرم عمل ہونے نے امریکی محاصرے میں مزید مدد اور تعاون فراہم کیا ہے۔ آپ لوگوں کو چاہئے کہ اپنی قوم اور وطن کا ساتھ دیں اور امریکہ کے ظالمانہ محاصرے کو توڑنے میں ہمارا ساتھ دیں۔ آپ امریکہ سے کہیں کہ ہم آزاد اور خودمختار قوم ہیں۔"
 
حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے کہا: "بیروت کی بندرگاہ پر دھماکہ کیس کے قاضی "طارق بیطار" اور ان کے حامیوں نے لبنان میں قانونی بحران ایجاد کر رکھا ہے۔ اس قاضی کا طرز عمل عدلیہ کی بہت بڑی توہین ہے جو ان دنوں بدترین صورتحال سے گزر رہی ہے۔ کیا یہ معقول ہے کہ ایسا قاضی جس کی معزولی کیلئے 21 درخواستیں موجود ہوں وہ بدستور اپنے عہدے پر باقی ہو؟"۔ انہوں نے آخر میں کہا: "حزب اللہ لبنان نے لبنان کو آزاد کروایا ہے اور اس کی یہ کامیابی ملک کی تاریخ میں اور اگلی نسلوں کیلئے لکھ دی جائے گی۔ حزب اللہ لبنان صداقت، اخلاق، وفاداری اور شفافیت کے ساتھ سیاسی تجربے سے مالا مال ہے اور ملک و قوم کی خدمت میں مصروف ہے"۔


خبر کا کوڈ: 973823

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/973823/حزب-اللہ-لبنان-امریکہ-اور-اس-کے-پٹھو-عناصر-خلاف-ڈٹی-رہے-گی-شیخ-نعیم-قاسم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org