0
Sunday 16 Jan 2022 09:16

لاہور میں مصر کی جامعہ الازہر کی شاخ کھولنے کا فیصلہ

لاہور میں مصر کی جامعہ الازہر کی شاخ کھولنے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ لاہور جسے باغوں اور کالجوں کا شہر کہا جاتا ہے، اس میں ایک اور کالج کا اضافہ ہونے جا رہا ہے اور یہ کالج ’’جامعہ الازہر کالج‘‘ ہوگا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری، وزیر اوقاف پنجاب پیر سعید الحسن شاہ، ڈی جی اوقاف سید طاہر رضا بخاری اور وفاقی سیکرٹری مذہبی امور کی مصر کے سفیر طارق محمد دحروج سے ملاقات ہوئی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں پاکستان میں مصر کی معروف درسگاہ ’’جامعہ الازہر‘‘ کی شاخ کے قیام کا اصولی طور پر اتفاق ہو گیا۔ پیر نور الحق قادری نے کہا کہ لاہور میں جامعہ الازہر کالج قائم کیا جائے گا، مصر کی جامع الازہر اساتذہ، نصاب اور کتب فراہم کرے گی۔ کالج کے دیگر انتظامی امور پاکستان کے پاس ہونگے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ وزارتِ مذہبی امور، وزارتِ تعلیم، وزارتِ خارجہ، پنجاب اوقاف پر مشتمل ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے گا، الازہر کالج کے قیام کیلئے مصری حکومت کیساتھ جلد باضابطہ معاہدہ کیا جائے گا۔ دوسری جانب مصری سفیر طارق دحروج نے کہا کہ کالج میں جامع الازہر اور پاکستان کا مشترکہ نصاب پڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ طلبا و طالبات، آئمہ و خطبا کیلئے ڈگری اور شارٹ کورسز آفر کیے جائیں گے۔ مصری سفیر کا کہنا تھا کہ فتوی ڈگری کے علاوہ تفسیر، فقہ، تجوید، سیرت پر مبنی مختصر کورسز پڑھائے جائیں گے۔ اس ضمن میں وزیر اوقاف پنجاب پیر سعید الحسن نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو ایک نئی جہت ملے گی۔ لاہور میں جامعہ الازہر کے کالج کے قیام پر اتفاق کرنے پر مصری حکومت کے شکر گزار ہیں۔
خبر کا کوڈ : 973849
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش