0
Sunday 16 Jan 2022 11:52

آئی ایم ایف کی غلامی کسی صورت قبول نہیں، سراج الحق

آئی ایم ایف کی غلامی کسی صورت قبول نہیں، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے لاہور کے حلقہ پی پی 160 میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت منی بجٹ واپس لے، آئی ایم ایف کی غلامی کسی صورت قبول نہیں، منی بجٹ نے حکومت کا باقی وقت منی مائز کر دیا ہے، آئی ایم ایف اور حکومت کو لانے والے اب پی ٹی آئی کو مزید سہارا نہیں دیں گے۔ وزیراعظم نے قوم کو خواب دکھائے، ساڑھے تین برسوں میں تعبیر کے لیے ایک تدبیر نہیں اپنائی، موجودہ اور سابقہ حکمران قرض کے نشے کے عادی، قوم کی طرف سے ان کو مسترد کرنے کا وقت آ گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر کسی نے قوم کو جھوٹے خواب دکھائے اور دھوکہ دیا، تعبیر صرف جماعت اسلامی بن سکتی ہے، پی ٹی آئی کا سونامی ملکی اداروں کی نیلامی چاہتا ہے، جسے کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک بحرانوں کی زد میں ہے، حکمران مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں، کروڑوں نوجوان مایوس، لاکھوں بے روزگار، ستر لاکھ نشے کے عادی ہو گئے، پڑھے لکھے نوجوان ملک سے باہر جا رہے ہیں، حکمران شرم کی بجائے کریڈٹ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی معاشی فورم کی 2022 میں لاحق خطرات پر مبنی گلوبل رسک رپورٹ میں پاکستان کو درپیش خطرات میں قرضوں کے بوجھ کو سرفہرست قرار دیا گیا ہے، انیس سو پچاس کی دہائی سے لیکر اب تک حکومت بائیس مرتبہ آئی ایم ایف سے قرض لے چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی خسارہ، روپے کی تنزلی، درآمدات میں اضافہ، چار وزرائے خزانہ کی تبدیلی، اربوں ڈالر قرضے حکومت کی معیشت کے میدان میں اب تک کی کارکردگی ہے، صحت، تعلیم، زراعت، انڈسٹری سمیت حکمرانوں نے کسی شعبہ میں ریفارمز کیلئے کوئی کام نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کو بھارت کے حوالے کر دیا گیا، حکومت نے تسلیم کرلیا کہ امریکہ کے حکم پر ملک کے فیصلہ ہوتے ہیں، دو بڑی اپوزیشن جماعتیں اپنے مفادات کیلئے سرگرم ہیں عوام کی کسی کو فکر نہیں، تہتر برسوں سے جاگیردار، وڈیرے اور استعمار کے وفادار بائیس کروڑ غیور مسلمانوں کے ایٹمی پاکستان پر مسلط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور سابقہ حکمران پارٹیاں قوم کو جواب دینے کیلئے تیار ہو جائیں، وقت بدل گیا، عوام حقیقی تبدیلی کیلئے بے چین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام کیلئے کوششیں کر رہی ہے، ہمارا منشور اسلامی پاکستان، خوشحال پاکستان ہے، سپریم کورٹ پانامہ اور پینڈورا میں ملوث افراد کا احتساب کرے، عوام کو کرپشن فری اسلامی پاکستان چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 973864
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش