0
Thursday 8 Sep 2011 21:50

امام خمینی رہ کا پیش کردہ اسلامی جمہوری نظام خطے کی انقلابی اقوام کیلئے بہترین تحفہ ہے، آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای

امام خمینی رہ کا پیش کردہ اسلامی جمہوری نظام خطے کی انقلابی اقوام کیلئے بہترین تحفہ ہے، آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای
اسلام ٹائمز- فارس نیوز ایجنسی کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے آج جمعرات کی صبح مجتہدین پر مشتمل ایکسپرٹس کونسل کے اراکین سے ملاقات کرتے ہوئے اسلامی جمہوری نظام کو امام خمینی رہ کا عظیم کارنامہ قرار دیا اور تاکید کہ خطے کی انقلابی اقوام کو چاہئے کہ وہ اسلامی جمہوریت کو اپنا نصب العین قرار دیں کیونکہ یہ نظام انکی سیاسی ضروریات کو پورا کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
قائد انقلاب اسلامی ایران نے مصر، تیونس، لیبیا اور یمن میں انجام پانے والی عظیم سیاسی تبدیلیوں کو امام خمینی رہ کی جانب سے اسلامی سیاسی نظام کی تشکیل کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ امریکہ اور مغربی دنیا کے کٹھ پتلی ڈکٹیٹرز یکے بعد دیگرے سرنگون ہو رہے ہیں اور اقوام کے مستقبل کی کئی راہیں کھل گئی ہیں جنکا بغور مطالعہ کرنے کی ضرورت ہے۔ آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے یہ تاکید کرتے ہوئے کہ خطے کی انقلابی اقوام کے مستقبل کا ایک راستہ یہ ہے کہ مذہبی رہنما برسر اقتدار آ جائیں کہا کہ گذشتہ ڈکٹیٹر حکومتوں کا شکل بدل کر واپس آ جانا یا مغربی کٹھ پتلی حکومتوں کی تشکیل کا خطرہ بھی موجود ہے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کہا کہ ان پیچیدہ اور مشکل حالات میں اسلامی جمہوری نظام کا نظریہ خطے کی انقلابی اقوام کیلئے انتہائی مددگار ثابت ہو سکتا ہے اور امام خمینی رہ کی جانب سے ان اقوام کیلئے بہترین تحفہ قرار پا سکتا ہے جو انکی سیاسی ضروریات کو پورا کرنے اور انکے روشن مستقبل کی ضمانت فراہم کرنے کی مکمل صلاحیت کا حامل ہے۔ انہوں نے عرب انقلابی عوام پر زور دیا کہ وہ اسلام دشمن عناصر کو موجودہ بحرانی صورتحال سے سوء استفادہ کرنے کی اجازت نہ دیں۔
ولی امر مسلمین جہان نے زور دے کر کہا کہ خطہ عظیم سیاسی تبدیلیوں سے گزر رہا ہے جسکے باعث مسلمان اقوام کو اسلامی جمہوری نظام سے صحیح طور پر آشنا کروانے کی ضرورت ہے تاکہ انکے مستقبل کو صحیح سمت و سو فراہم کی جا سکے۔ آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فقہ اسلامی کی بنیاد پر سیاسی نظام کی تشکیل کو امام خمینی رہ کا عظیم کارنامہ قرار دیا۔
خبر کا کوڈ : 97389
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش